لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنا ان کے دور کے اہم مقاصد ہوں گے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’مجھ پر بڑی ذمہ داری ہے، بورڈ ارکان کے ساتھ مل کر چلوں گا۔‘

نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ پاکستان قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ جب پاکستان ٹیم شکست سے دوچار ہوجائے تو صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

نو منتخب چیئرمین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے جو ٹیلنٹ آرہا ہے اس تسلسل کو قائم رکھنے کی کوشش کریں گے اور قومی ٹیم میں مزید نوجوان کھلاڑی متعارف کرائیں گے۔

مزید پڑھیں: نجم سیٹھی پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بندش کے حوالے سے انہوں نے کہ ملک میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں لیکن کوشش ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں واپس لائی جائے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو مزید فعال کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اسکول کی سطح پر بھی کرکٹ کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سب سے بڑا چیلنج ہے اور پاکستان قوم کو اس حوالے سے جلد اچھی خبریں ملیں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث بھارت میں انڈر19 ایشیا کپ پر تحفظات ہیں اس لیے ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں ٹورنامنٹ کو دوسرے ملک منتقل کرنے پر بات کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ ورلڈ الیون کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پنجاب حکومت سے بات چیت جاری ہے جبکہ مستقبل قریب میں ورلڈ الیون کے ساتھ ساتھ سری لنکن ٹیم کو بھی دورہ پاکستان پر آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی سربراہی کیلئے نجم سیٹھی بہترین امیدوار قرار

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ ستمبر میں کچھ تاریخوں کا فرق آیا ہے لہٰذا ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے فوراً بعد سری لنکن ٹیم کو بلانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ شہریار خان اور نئے گورننگ بورڈ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ 2017 میں خواتین کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی پر بات چیت کرتے ہوئے پی سی بھی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ویمن ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مایوس کن کارکردگی دکھائی لیکن خواتین کرکٹ سمیت نوجوانوں کے لئے بورڈ مستند منصوبہ تیار کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ نجم سیٹھی آج پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں متفقہ طور پر آئندہ تین برسوں کے لیے چیئرمین پی سی بی منتخب ہوگئے، ان سے قبل شہریار خان 7 اگست کو اپنی مدت پوری کرنے کے بعد چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں