کابل: افغانستان کے مغربی صوبہ فراہ میں غیر ملکی فورسز کے ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔

افغان نیوز ویب سائٹ طلوع کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ غیر ملکی فورسز کے ڈرون نے طالبان کی دو گاڑیوں کو پیشت روڈ پر نشانہ بنایا۔

افغان حکام نے واقعے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں، دوسری جانب طالبان نے بھی مذکورہ حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

کابل دھماکے میں 4 پولیس اہلکار زخمی

دوسری جانب افغان نیوز ویب سائٹ خاما پریس کے مطابق دارالحکومت کابل میں پولیس کی ایک گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہا تھا کہ میگنیٹک بم پولیس گاڑی کے ساتھ نصب کیا گیا تھا جس کے دھماکے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: طالبان نے 235 یرغمال شہریوں کو رہا کردیا، افغان حکام

اس سے قبل گذشتہ روز ایک شخص نے کابل کے مضافات میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

یہ حملہ سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب کیا گیا تھا جس میں ایک سیکیورٹی افسر ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔

یاد رہے کہ افغان طالبان نے رواں سال کے آغاز میں اپنے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ موسم بہار کے حملوں کا آغاز کرنے والے ہیں، جس کے دوران کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں افغانستان سے بڑی تعداد میں غیر ملکی افواج کا انخلاء ہوا تھا تاہم یہاں مقامی فورسز کی تربیت کے لیے امریکی اور نیٹو کی کچھ فورسز کو تعینات رکھا گیا، اس وقت افغانستان میں 8400 امریکی فوجی جبکہ 5000 نیٹو اہلکار موجود ہیں جبکہ چھ برس قبل تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کا دھماکا خیز مواد سے بھرا پاکستانی ٹرک پکڑنے کا دعویٰ

گذشتہ ماہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے درخواست کی تھی کہ طالبان کے خلاف جنگ میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے مزید ہزاروں امریکی فوجی افغانستان بھیجے جائیں، جس کے بعد امریکی صدر نے افغانستان میں مزید فوج بڑھانے کی منظوری دے دی، جن کی تعداد ممکنہ طور پر 4 ہزار سے زائد ہوسکتی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں رواں برس شدت پسند گروپوں کی جانب سے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور ان واقعات کے نتیجے میں اب تک 1162 عام شہری قتل اور 3581 زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں