اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا۔

نئی وزارتوں کی تشکیل کے بعد ایک اہم پیش رفت میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا جس کے بعد ای سی سی کے چیئرمین اب وزیراعظم خود ہوں گے۔

مزید پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی کی مزید 3 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر خزانہ کو چیئرمین ای سی سی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب وزیر اعظم خود چیئرمین ہوں گے تاہم کسی بھی وجہ سے وزیراعظم کی عدم موجودگی میں وزیر خزانہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی نوٹیفکیشن کی کاپی کے مطابق ای سی سی کے ممبران میں وفاقی وزراء برائے تجارت و ٹیکسٹائل، مواصلات، صنعت و پیداوار، قانون و انصاف، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، ریلویز، شماریات، آبی وسائل اور نجکاری شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سکوک بانڈز جاری کرنے کی اجازت

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ریلویز اور مواصلات کی وزارتوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ تین نئی وزارتوں شماریات، نجکاری اور آبی ذخائر کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ اس فیصلے سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام اہم فیصلے وزیراعظم خود اپنی نگرانی میں کرنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چند نئی وزارتوں کے قیام کے باعث بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو ضروری ہوگئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں