لیموں کا یہ فائدہ جانتے ہیں؟

12 اگست 2017
— فوٹو بشکریہ ون گڈ تھنگ
— فوٹو بشکریہ ون گڈ تھنگ

لیموں اپنے عرق یا جوس کی بدولت پاکستان یا اس جیسے دیگر ممالک میں گرمیوں میں بہت زیادہ استعمال ہونے والا پھل ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ اور کیا کیا کرشمے دکھا سکتا ہے؟

جی ہاں واقعی لیموں کے متعدد فوائد ہیں اور آپ اس کی مدد سے ایڑیاں پھٹنے اور سخت ہونے کے مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔

اور اچھی بات یہ ہے کہ اس کے لیے صرف آپ کو 30 منٹ کی ضرورت ہوگی جبکہ مہنگی کریموں کا خرچہ بھی بچایا جاسکتا ہے۔

اور یہ قدرتی طریقہ ہے جس کا کوئی نقصان بھی نہیں، بس آپ کو لیموں اور موزے کی ضرورت ہوگی۔

سب سے پہلے ایک بڑے سائز کے لیموں کو دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور پھر اس کا عرق نکال لیں۔

آپ کو تمام عرق نکالنا ہوگا تاہم اس کے اندرونی گودے کا تھوڑا بہت حصہ دونوں ٹکڑوں میں چھوڑ دیجیئے گا۔

اب دونوں ٹکڑوں کو ایڑیوں کے نیچے رکھ دیں اور دب جانے پر فکر مت کریں۔

اب ان ٹکڑوں سمیت پیروں پر موزے چڑھالیں اور آدھے گھنٹے تک لیموں کے ٹکڑوں کو ایڑیوں سے چپکے رہنے دیں۔

اگر چلنے پھرنے میں مشکل ہو تو آرام سے بیٹھ کر ٹی وی دیکھیں ای مطالعہ کرلیں۔

آدھے گھنٹے بعد موزے اتار کر ٹکڑوں کو پھینک دیں۔

لیموں میں موجود تیزابیت جلد کے مردہ خلیات کو ہٹا دے گی اور ملائمت لوٹ آئے گی، اسی طرح سخت اور پھٹی ہوئی جلد بھی نرم اور ہموار ہوجائے گی۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں