کویت کی حکومت نے ایک ہفتے کی کارروائیوں کے بعد ایران اور حزب اللہ سے تعلق کے شبہے میں ایک 'دہشت گرد سیل' کے سزا یافتہ 12 اراکین کو گرفتار کرلیا۔

کویت کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 12 افراد کو کویت کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے جو گزشتہ ماہ سزا پانے کے بعد سے اپنا سیل چلارہے تھے جبکہ سزایافتہ دو دیگرکویتی بدستور آزاد ہیں۔

خیال رہے کہ کویت کی سپریم کورٹ نے رواں سال جون میں ایک اپیل کے بعد بریت کے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے 21 افراد کو ایران اور حزب اللہ سے مراسم رکھنے اور ایک 'دہشت گرد سیل' بنانے پر سزا دے دی تھی۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق اس سیل میں تمام خلیجی ریاستوں پر حملوں کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:کویت میں ایرانی ثقافتی مشن بند، سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا

کویت نے مبینہ 'ابدالی سیل' کے اراکین کو حزب اللہ کی جانب سے تربیت دینے پر لبنان سےاحتجاج کیا تھا جو بیروت میں حکومت میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ کویتی حکومت نے گزشتہ ماہ ایران کے 15 سفارت کاروں کو معطل کرتے ہوئے تہران کی جانب سے 'دہشت گرد سیل' کی پشت پناہی پرایران کے عسکری، ثقافتی اور تجارتی سفارتی مشن کو بھی بند کردیا تھا۔

دوسری جانب ایران نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

کویت میں شعیہ مسلک کے افراد کل آبادی کا تیسرا حصہ ہیں جو مجموعی طور پر 13 لاکھ 5 ہزار کی تعداد بنتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں