پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کےموقع پر 14 اگست کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ہال میں کنسرٹ کا انعقاد ہوگا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سےکنسرٹ کا انتظام پاکستانی مشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کنسرٹ میں پاکستان کا مشہور بینڈ سچل جاز اینسمبل اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا جس کی شہرت جدید اور روایتی موسیقی کے ماہرین کے طور پر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'میوزک بیانڈ بارڈرز' کےعنوان سے یہ کنسرٹ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہے گا جس کا مقصد عالمی سطح پر عالمی امن اور بھائی چارے کےپیغام کو عام کرنا ہے۔

پاکستانی مشن کی جانب سے ترتیب دیے گئےکنسرٹ میں سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے عہدیداروں، سول سائٹی کے نمائندوں، میڈیا اور پاکستانی تارکین وطن کی شرکت متوقع ہے جبکہ اس حوالے سے جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کنسرٹ پاکستان کے سوفٹ امیج اور ملکی ثقافت کو پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔

ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ 'لوگوں کے دلوں اور دماغوں کو مسخر کرنے کے لیے عوامی سفارت کاری موثر راستہ اور یہ ایونٹ اسی کی جانب ایک کوشش ہے'۔

مشرقی اور مغربی موسیقی کی مدد سے نئی تخلیقات پیش کرنے والے بینڈ سچل جاز اینسمبل گروپ نے مختلف فیسٹول میں اور عالمی سطح پر اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں جبکہ بی بی سی چینل پر براہ راست دکھایا بھی گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس بینڈ کو پاکستانی نژاد لندن کے تاجر عزت مجید نے ترتیب دیا تھا جس کا مقصد پاکستانی موسیقاروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا تاکہ وہ پاکستان کی موسیقی کی صنعت کی ترقی کے لیے دوبارہ موقع دیا جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں