کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کوئٹہ میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے کے حوالے سے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے اور بہت جلد دہشت گردوں کی کارروائیاں بھی 100 فیصد ختم ہوجائیں گی۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دشمن چالاک اور پاکستان کے حوالے سے برے عزائم رکھتا ہے لہٰذا یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گردوں اور ملک کے دشمنوں کو نیچا دکھانے کا وقت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے قوم کو متحد رہنے کی ضرورت ہے اور تمام اختلافات کو بھول کر اتحاد سے جنگ کو جیتنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 2013 میں دہشت گردی عروج پر اور ریاست محاصرے میں تھی لیکن اب 2017 میں دہشت گردی محاصرے میں اور ریاست کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

حکومتی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کافی حد تک دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے جبکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا مستقبل کا سوال ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والے واقعہ کو سیکیورٹی کی خامی کہنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے جس میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پشین اسٹاپ کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے فوراً بعد ہی کوئٹہ پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری سمیت دیگر صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

خیال رہے کہ کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں