اسلام آباد: پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے چین کے نائب وزیراعظم وانگ ینگ 2 روزہ سرکاری دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔

وانگ ینگ اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ یوم آزادی کی تقریب کے دوران قومی پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

چینی نائب وزیراعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ چین کا اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

چینی نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دفتر خارجہ کے حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وانگ ینگ اپنے دورے کے دوران مختلف یاداشتوں پر دستخط کریں گے۔

اس کے علاوہ چین کے نائب وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں 'یوم پاکستان' کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں بھی چین کی تینوں مسلح افواج کا قافلہ شامل ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں