بھارت اپنا دفاع کرسکتا ہے، نریندر مودی

اپ ڈیٹ 15 اگست 2017
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نئی دہلی میں ملک کے 71 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نئی دہلی میں ملک کے 71 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بھارت کے 71ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے جوشیلے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’ملک کے خلاف اقدام‘ کرنے والوں سے ہندوستان اپنا دفاع کرسکتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی نے نئی دہلی میں بھارت کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے‘۔

بھارتی وزیراعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
بھارتی وزیراعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

ان کا یہ بیان نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان تبت کے مقام پر جاری زمینی تنازع کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے حوالے سے گذشتہ دنوں رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئیں۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 1962 میں غلط فہمی کے باعث بھارتی ریاست ارونچل پردیش کے لیے جنگ ہوئی تھی اور متنازع زمین پر بھارت اور چین میں تاحال کشیدگی پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب بھارت اور پاکستان کے درمیان 1947 سے کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا الزام لگاتی رہتی ہیں، جس میں اب تک دونوں جانب کے سیکڑوں شہری اور فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

بھارتی سرجیکل اسٹرائیک

نریندر مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’ہماری سیکیورٹی فروسز نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، چاہے یہ دہشت گردی یا در اندازی کے حوالے سے ہو، ہمارے سیکیورٹی اہلکار ہمیشہ قربانیاں دینے کے لیے تیار رہتے ہیں‘۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ’جب سرجیکل اسٹرائیک کی گئی تھی تو دنیا کو بھارت کی طاقت کا اندازہ ہوگیا تھا‘۔

خیال رہے کہ ستمبر 2016 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں قائم بھارتی فورسز کے بیس کیمپ پر ہونے والے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد انڈیا نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم پاک فوج نے ان دعوؤں کی تردید کی تھی۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں گولیاں اور پامالیاں امن قائم نہیں کرسکتیں — جہاں اس وقت 5 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے — لیکن ساتھ ہی کشمیری علیحدگی پسندوں کو کشیدگی کا ذمی دار بھی قرار دیا۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران ان کی حکومت کی جانب سے کرپشن اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف اقدامات کا دفاع بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں