اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پانچ معاونین خصوصی مقرر کرنے کی منظوری دی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بیرسٹر ظفراللہ خان، ڈاکٹر مصدق ملک، مفتاح اسمٰعیل، آصف کرمانی اور خواجہ ظہیر احمد کو اپنا معاونین خصوصی مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

پانچوں افراد سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھی معاونین خصوصی تھے۔

تاہم نواز شریف کی کابینہ میں شامل چار مزید معاونین شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، جن میں طارق فاطمی، شجاعت عظیم، ہارون اختر خان اور شرجیل عدنان شیخ شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے سابق وزیر اعظم کے ساتھ کام کرنے والے پانچ مشیروں کو بھی برقرار رکھا ہے جن میں سرتاج عزیز، مہتاب عباسی، امیر مقام، عرفان صدیقی اور جام معشوق علی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نئی وفاقی کابینہ کا ترقی کا سفر جاری رکھنے کا عزم

یاد رہے کہ 4 اگست کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی 43 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا، جس میں 27 وفاقی وزراء اور 16 وزرائے مملکت شامل تھے۔

بعد ازاں 10 اگست کو نئی کابینہ کے مزید 2 وفاقی وزراء اور 2 وزرائے مملکت نے حلف اٹھالیا جس کے ساتھ ہی کابینہ میں وزراء کی تعداد 47 ہوگئی۔

خیال رہے کہ پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل کردی گئی تھی۔

نواز شریف کی نااہلی کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

رواں ماہ یکم اگست کو شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے اور اسی روز انہوں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں