اسحٰق ڈار کو نجکاری کمیٹی کی سربراہی سے بھی ہٹا دیا گیا

15 اگست 2017

ای میل

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے بعد کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین کے عہدے سے بھی ہٹادیا۔

ڈان نیوز کو موصول ہونے والے کابینہ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل نو کردی، جس کے تحت اسحٰق ڈار کو کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور اب وہ کمیٹی کے رکن بھی نہیں رہے۔

کمیٹی کے مستقل ارکان میں وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر برائے قانون و انصاف، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر نجکاری شامل ہیں۔

وزرائے مملکت برائے بجلی و پیٹرولیم، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور وفاقی سیکریٹریز خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اہم فیصلے اپنی نگرانی میں اور مالی امور سے متعلق فیصلوں پر اپنا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہوں نے کابینہ کی اہم کمیٹیوں کے چیئرمین کی ذمہ داریاں خود لے لی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے اس سے قبل نجکاری اور شماریات ڈویژن کے محکمے اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی بھی واپس لی جاچکی ہے۔