اسلام آباد: ملک میں کاروباری مسابقت کے عمل کے نگران ادارے مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے کولگیٹ پالمولیو پرائیویٹ لمیٹڈ پر اپنی مصنوعات کی گمراہ کن تشہیر کرنے کی وجہ سے 1 کروڑ روپے جرمانہ کردیا۔

مسابقتی کمیشن کا کہنا ہے کہ کولگیٹ پالمولیو نے اپنی پروڈکٹ ’میکس آل پرپس کلینر‘ کی تشہیری مہم کے دوران مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کی۔

پاکستان میں کولگیٹ پالمولیو کی ایک بڑی حریف کمپنی ’ریکٹ اینڈ بینکیزیئر پاکستان لمیٹڈ' نے ’میکس‘ کے اس اشتہار کے خلاف شکایت درج کرائی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کولگیٹ پالمولیو کی جانب سے ’میکس آل پرپس کلینر‘ کے حوالے سے کی جانے والی تشہیری مہم جھوٹے دعوؤں پر مبنی ہے۔

مزید پڑھیں: مسابقتی کمیشن کا بحریہ ٹاؤن کو شوکاز نوٹس

'میکس آل پرپس کلینر' کے مد مقابل پروڈکٹ 'ڈیٹول' بنانے والی کمپنی ریکٹ اینڈ بینکیزیئر کا موقف ہے کہ کولگیٹ پالمولیو نے ایک ’ٹریڈ لیٹر‘ جاری کیا جس میں اس نے اپنی مذکورہ مصنوعات کو تقابلی دعوؤں سے مستثنیٰ قرار دیا۔

ریکٹ اینڈ بینکیزیئر کا موقف ہے کہ اس طرح کے دعوؤں سے مارکیٹ میں موجود دیگر کمپنیوں کے کاروباری مفاد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

مسابقتی کمیشن نے ریکٹ اینڈ بینکیزیئر کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کیا اور انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر کولگیٹ پالمولیو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

اس کیس کی سماعت مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی جس میں اکرام الحق قریشی بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن پر 5.5 کروڑ ڈالر کا ہرجانہ

انکوائری کے دوران تفتیش کاروں نے کولگیٹ پالمولیو کی اس پروڈکٹ کی تشہیری مہم میں چار مخصوص دعوے اخذ کیے جو گمراہ کن ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی حریف کمپنیوں کے کاروبار کو نقصان بھی پہنچانے کی اہلیت رکھتے تھے۔

مذکورہ بینچ نے مسابقتی ایکٹ 2010 کی خلاف ورزی کرنے پر کولگیٹ پالمولیو پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

دوسری جانب مسابقتی کمیشن نے کولگیٹ پالمولیو کو یہ ہدایات بھی جاری کیں کہ وہ اپنے ٹریڈ لیٹر میں سے 'میکس آل پرپس کلینر' سے متعلقہ جھوٹ پر مبنی دعوؤں کو خارج کرے۔


یہ خبر 16 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں