اگر تو آپ کو ہارر فلمیں پسند ہیں تو اسٹیفن کنگ نے ناول پر بننے والی 'اٹ' کو دیکھنا مت بھولیں جو اگلے ماہ ریلیز ہورہی ہے مگر اس کے نیا ٹریلر بھی رات کی نیند اڑانے کے لیے کافی ہے۔

کم از کم ہولی وڈ اسٹوڈیو وارنر برادریز کا تو یہی دعویٰ ہے۔

جی ہاں اس فلم کا نیا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے جسے اٹ: فلوٹ کا نام دیا گیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ایسا وی آر تجربہ لوگوں کو پہلے نہیں ہوا ہوگا۔

ویسے تو اس ٹریلر کو عام کمپیوٹر یا اسمارٹ فون اسکرین پر بھی دیکھا جاسکتا ہے تاہم اگر اسے گوگل کارڈ بورڈ یا کسی اور ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ میں دیکھا جائے تو کم از کم ایک رات کی نیند تو اڑ ہی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خون جما دینے والی 10 ہارر فلمیں

ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہنستا مسکراتا بچہ کاغذی کشتی بنا رہا ہوتا ہے جو کہ بارش کے پانی میں بہہ کر ڈرین میں غائب ہوجاتی ہے اور وہاں آپ کو ایک خوفناک چہرہ نظر آتا ہے جو مسکراتا ہوا آپ کو ہی دیکھ رہا ہوتا ہے۔

پھر ٹریلر آپ کو تاریک ڈرین پائپ میں لے جائے گا اور پھر تو لگتا ہے کہ خوفناک جوکروں کی بھرمار سی ہوجاتی ہے۔

تو یہ ٹریلر پورا دیکھیں اور بتائیں کہ کیا اسٹوڈیو کا دعویٰ واقعی درست ہے ؟

واضح رہے کہ معروف مصنف اسٹیفن کنگ کے ناول 'اٹ' کو 1990 میں بھی فلمایا جاچکا ہے اور اب اس کا ریمیک بنایا جارہا ہے جس کی دس منٹ کی فوٹیج اور ٹریلر کو سان ڈیاگو کامک کنونشن کے دوران دکھایا گیا، جس نے دیکھنے والوں کو چیخنے اور دہشت زدہ ہونے پر مجبور کردیا تھا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

مزید پڑھیں : ناولوں پر بننے والی 22 بہترین فلمیں

خوفناک جوکر پینی وائز کے مرکزی کردار پر مبنی اس فلم میں یہ کردار بل سکارسگرڈ ادا کررہے ہیں۔

فلم کی کہانی ایک چھوٹے قصبے کے گرد گھومتی ہے جہاں سات بچے جنھیں دی لوزر کلب کے نام سے جانا جاتا ہے، کو زندگی کے مسائل، بدزبانیوں اور ایک عفریت کا سامنا ہوتا ہے جو کہ ایک جوکر کا روپ اختیار کرکے انہیں دہشت زدہ کرتا ہے۔

کچھ افراد نے اسے اب تک بننے والی خوفناک فلموں میں دہشتناک ترین قرار دیا ہے جو کہ دیکھنے والوں کے جسم میں سرد لہر دوڑا دیتی ہے۔

یہ فلم 8 ستمبر کو ریلیز کی جارہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں