کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ برس ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کا آغاز 13 جنوری 2018 سے ہوگا۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 22 روز پر مشتمل اس ایونٹ میں آغاز سے قبل ایونٹ میں شریک ٹیموں کے وارم اپ میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

ایونٹ میں کُل 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کے افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ اسی دن پاکستان بھی ایونٹ میں افغانستان انڈر 19 کے خلاف پہلا میچ کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گا۔

گروپ ’اے‘ میں میزبان نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے ساتھ جنوبی افریقہ اور کینیا شامل ہیں جبکہ گروپ ’بی‘ میں بھارت، آسٹریلیا، زمبابوے اور پپوا نیو گنی کا مقابلہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: 'چائے والے' کا بیٹا انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل

دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم پاکستان کے ساتھ افغانستان، آئرلینڈ اور سری لنکا گروپ ’ڈی‘ میں موجود ہیں جبکہ گروپ ’سی‘ میں انگلینڈ، نمیبیا، کینیڈا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

ہر گروپ کی تمام ہی ٹیمیں کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی اور ان ٹیمیوں کو پلیٹ کیٹیگری اور سپر لیگ کیٹیگری کے کوارٹر فائنل مراحل اور پھر ان ہی کیٹیگری کے فائنل کھیلنے ہوں گے۔

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں فائنل میچ سے قبل درجہ بندی کے لیے بھی میچز منعقد کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ کے نوجوان ستارے

اب تک 11 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ٹورنامنٹ منعقد کیا جاچکا ہے جس میں آسٹریلیا اور بھارت 3، 3 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر کے سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان بھی اس ایونٹ کو 2 مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

پاکستان نے پہلی مرتبہ 2004 کے ایونٹ میں خالد لطیف کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو 25 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ دوسری مرتبہ پاکستان نے سرفراز احمد کی کپتانی میں ’انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے تاریخی فائنل‘ میں انور علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت کو 71 رنز پر ڈھیر کرکے 38 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان اور بھارت 5 مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے ایک مرتبہ کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں