لاہور: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی حکومت کا کبھی ساتھ نہیں دیا بلکہ ہمیشہ پارلیمنٹ کا ساتھ دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، ہم جمہوریت کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، ہم نے پہلے بھی نواز شریف کا نہیں جمہوریت کا ساتھ دیا، لیکن 4 سال کی حکومت میں کوئی جمہوری قدر نہیں اپنائی گئی۔‘

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان کا اب سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’عمران خان فی الحال فل ٹاس کھیل رہے ہیں، وہ جب نو بال پر آئیں گے تب دیکھیں گے۔‘

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ سب کا احتساب ہو، ایسا لگتا ہے کہ احتساب کا قانون صرف پیپلز پارٹی کے لیے بنایا گیا، اسے سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔’

سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’وہ معصوم نہیں مجرم ہیں اور سپریم کورٹ نے انہیں نااہل کرکے نکالا۔‘

تبصرے (0) بند ہیں