پاکستان میں عید الاضحیٰ یکم ستمبر کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں عید الاضحیٰ یکم ستمبر بروز جمعہ ہونے کا امکان ہے۔

ذی الحج کے مہینے کا چاند 22 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اس روز ملک بھر میں مطلع صاف رہنے کی توقع ہے اور چاند کو آسانی سے دیکھا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں : رویتِ ہلال کے تنازع کا حل کیا ہے؟

اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بائیس اگست کو کراچی میں محکمہ موسمیات کے کیمپ آفس میں ہوگا۔

اسی طرح زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز اپنے اپنے علاقوں میں منعقد کیے جائیں گے۔

عام طور پر رویت ہلال کے حوالے سے عیدوں کے موقع پر تنازعات سامنے آتے ہیں اور پشاور کی غیر سرکاری رویت کمیٹی مسجد قاسم خان اور مرکزی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلانات مختلف ہوتے ہیں۔

ایسا اکثر عید الفطر پر زیادہ ہوتا ہے اور ملک میں ایک دن عید منانے کی کوششیں ناکام ہوجاتی ہیں، مگر عید الاضحیٰ پر ایسا بہت کم ہوتا ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس حوالے سے ایک قانونی مسودہ تیار کیا گیا جسے پاکستان رویت ہلال بل 2017 کا نام دیا گیا ہے۔

اس بل کے تحت کوئی شخص یا میڈیا کمپنی کو رویت ہلال کا اعلان رویت ہلال کمیٹی سے قبل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کی خلاف ورزی پر دو لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک کے جرمانے کی سزا دی جاسکے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں