سام سنگ گلیکسی نوٹ 4 کی بیٹریوں میں آگ لگنے کا خطرہ

17 اگست 2017
گلیکسی نوٹ فور — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی نوٹ فور — فوٹو بشکریہ سام سنگ

ایسا روز نہیں ہوتا کہ ایک تین سال پرانا فون، جس نے اپنے افتتاح پر منفرد فیچرز سے لوگوں کو حیران کردیا تھا، ایک بار پھر دنگ کردے، مگر اس بار منفی وجہ سے۔

جی ہاں پہلے تو لگتا تھا کہ گلیکسی نوٹ سیون ہی سام سنگ کے لیے دھچکا ثابت ہوا تھا مگر اب گلیکسی نوٹ فور بھی اسے شاک کرنے والا ہے۔

امریکا میں یوایس کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن نے گلیکسی نوٹ فور کی ری فرنش بیٹریوں کو واپس طلب کرلیا ہے کیونکہ ان کے پھٹنے کا خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 ختم کرنے کا اعلان

اس فون کی بیٹریوں سے دھواں پھیلنے کی خبر پر سولہ اگست کو یہ الرٹ جاری کیا گیا اور آگ لگنے کے خطرے کے پیش نظر دس ہزار سے زائد گلیکسی نوٹ فون کی بیٹریوں کو واپس طلب کیا گیا۔

کمیشن کے بیان کے مطابق اس فون کی بیٹری زیادہ گرم ہوسکتی ہے جس سے آگ لگنے اور جلنے کا خطرہ ہوتا ہے، صارفین فوری طور پر طلب کی گئی بیٹریوں کا استعمال ترک کردیں اور فون کو بند کردیں۔

یہ بھی پڑھیں : نوٹ 7 پھٹنے کی وجہ بیٹری سپلائرز: سام سنگ

یہ واضح نہیں کہ اس طرح کے مسائل دیگر ممالک میں بھی سامنے آئے یا نہیں تاہم کہا جارہا ہے کہ اس بار کا معاملہ 2016 کے گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریوں جتنا بڑا نہیں، جس نے لاکھوں ڈیوائسز کو متاثر کیا تھا۔

اس بار یہ بات البتہ معلوم ہوچکی ہے کہ ناقص بیٹریاں گلیکسی نوٹ فور کے لیے مسئلے کا باعث بن رہی ہیں، جو کہ اے ٹی اینڈ ٹی سام سنگ گلیکسی نوٹ فور میں لگی ہوئی ہیں۔

تاہم یہ خبر سام سنگ کے لیے کچھ زیادہ اچھی نہیں کیونکہ اگلے ہفتے گلیکسی نوٹ ایٹ کو متعارف کرایا جانا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں