راولپنڈی: شہر کی صفائی ستھرائی کی ذمہ دار غیر ملکی کمپنی البراک کے 2 ملازمین پر نامعلوم مسلح افراد نے داتا گنج بخش روڈ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاکروب موقع پر ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے علاقے داتا گنج بخش روڈ پر تھانہ صادق آباد کی حدود میں صبح ساڑھے 5 بجے اُس وقت پیش آیا جب کمپنی کے ملازمین صفائی کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت کمپنی کے 3 ملازمین وہاں موجود تھے جن میں سے ایک ملازم نے بھاگ کر اپنی جان بچائی جبکہ 3 فائرنگ کی زد میں آگئے۔

ایس ایچ او صادق آباد راجہ طاہر نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 40 سالہ کرامت کو گردن پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ 38 سالہ صغیر کو جسم کے اوپر والے حصے پر چار گولیاں لگیں جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم جبکہ زخمی خاکروب کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنی کو کچرا اٹھانے کا ٹھیکہ دینے پر خاکروبوں کا احتجاج

غیر ملکی البراک کمپنی کے ملازمین نے الزام لگایا کہ مقتول کی لاش کئی گھنٹے تک ہسپتال میں پڑی رہی تاہم کمپنی کا کوئی بھی ذمہ دار ہسپتال نہیں پہنچا اور نہ ہی زخمی ملازم کی عیادت کے لیے کوئی آیا۔

واقعے کی تفتیش سے جڑے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مقتول نوجوان کو ایک ہی گولی گردن پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

صادق آباد پولیس کا دعویٰ تھا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جیسا کہ قاتلوں نے مقتول کی ریکی کرنے کے بعد اسے ٹارگٹ کیا تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مذکورہ غیر ملکی کمپنی کے خاکروبوں کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے، اس سے قبل 3 جون کو تھانہ صادق آباد ہی کی حدود میں کمپنی کے ایک ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق دونوں واقعات کے پیش آنے کا وقت ایک ہی ہے جس کے بعد تفتیش کے دائرے کو مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں