سیرالیون میں سیلاب سے 409 افراد ہلاک

18 اگست 2017
فوٹو:اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل/ ڈائریکٹر ریلیف
فوٹو:اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل/ ڈائریکٹر ریلیف

اقوام متحدہ نے مغربی افریقی ملک سیرالیون میں مزید نقصانات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب اور طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 409 سے تجاوز کرچکی ہے۔

اقوام متحدہ کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق سیرالیون کے دارالحکموت فری ٹاؤن میں طوفان اور سیلاب کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 409 تک پہنچ گئی ہے۔

سیرالیون میں ہلاکتوں کے بعد لاشوں کو دفنانے کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ ایک اندازے کے مطابق 600 افراد لاپتہ ہیں، کئی عمارتیں اب بھی سیلاب اور کیچڑ میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

حکومت نے عوام کو محفوظ علاقے کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ دارالحکومت کے پہاڑی علاقے میں بھی بڑا شگاف پڑ چکا ہے، سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب حفاظتی تدابیر نہ اپنانے پر حکومت پر سخت تنقید کی جارہی ہے جہاں غربت ذدہ عوام سمندر کے کنارے آباد تھے جبکہ پہاڑی علاقے میں غیرقانونی تعمیرات ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیرالیون: تباہ کن طوفان سے 312 افراد ہلاک،ہزاروں بے گھر

حکومت نے ہلاکتوں کے بعد تدفین کے لیے 600 گورکنوں کی خدمات حاصل کی ہیں جنھوں نے 2014 اور 2015 میں ملک میں ایبولا وائرس کے باعث ہونے والی ہزاروں ہلاکتوں کی تدفین کی تھی۔

صدر ایرنیسٹ بائی کروما نے گزشتہ روز متاثرین سے ملاقاتیں کیں جبکہ کئی افراد اپنے پیاروں کو تلاش کرنے اور سیلاب میں شکلیں مسخ ہونے کےباعث پہچاننے میں ناکام ہو رہے ہیں تاہم حکومت پورےاحترام کے ساتھ تدفین کی ہدایت کرچکی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ ایک خاتون زینب کیرگبو کا کہنا تھا کہ 'پانی میری ماں اور بہن کو بہا لے گیا تھا جن کی آج تدفین کی ہے اس لیے آج ہم یہاں پر ہیں اور غم زدہ ہیں'۔

صحت کے نائب وزیر زولیٹو کوپر کا کہنا تھا کہ اہم مقصد لوگوں کو ان علاقوں سےباہر نکالنا ہے جو اب بھی خطرے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بارش کی پیش گوئی اب بھی ہے اور یہ ممکن ہے کہ ہمیں اس طرح کی صورت حال کا دوبارہ سامنا کرنا پڑےگا'۔

تبصرے (0) بند ہیں