سمر سلیم میں چیمپئن شپ کس کے پاس رہے گی؟

— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کا رواں سال ریسل مینیا کے بعد دوسرا بڑا ایونٹ سمر سلیم اس اتوار (20 اگست) کو منعقد ہورہا ہے اور اس میں بروک لیسنر، رومن رینز، براﺅن اسٹرومین اور سموا جوئی کے درمیان یونیورسل چیمپئن شپ کے لیے فیٹل فور وے میچ لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے غلطی سے میچ کا نتیجہ ابھی سے پرستاروں کو بتا دیا ہے۔

بروک لیسنر سمر سلیم کے اس مین ایونٹ میں تین خطرناک ریسلرز کے سامنے یونیورسل چیمپئن شپ کا دفاع کریں گے۔

بروک لیسنر اور ان کے منیجر پال ہے مین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر سمر سلیم میں چیمپئن کو شکست ہوئی تو وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہہ دیں گے۔

سمر سلیم کے اگلے روز یعنی پیر کو ڈبلیو ڈبلیو ای کا ہفتہ وار شو 'را' نیویارک کے بارکلیز سینٹر میں ہوگا۔

اس وینیو کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر لگتا ہے کہ سمر سلیم کے چیمپئن شپ میچ کے فاتح کے بارے میں بتا دیا گیا۔

مزید پڑھیں : بروک لیسنر سے جڑے 11 دلچسپ حقائق

اس اکاﺅنٹ سے ہونے والے ٹوئیٹ میں تصدیق کی گئی کہ موجودہ ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن آئندہ ہفتے را میں لائیو جلوہ گر ہوں گے۔

تاہم اس ٹوئیٹ کو متعدد پرستاروں کی جانب سے شکایت کے بعد ڈیلیٹ کردیا گیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسپائلر ہے۔

مگر اس سے واضح ہوگیا ہے کہ بروک لیسنر ڈبلیو ڈبلیو ای سے کہیں جانے والے نہیں اور وہ سمرسلیم میں کسی بھی طرح چیمپئن شپ بیلٹ اپنے پاس ہی رکھنے والے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ موجودہ یو ایف سی لائٹ ہیوی ویٹ چیمپئن جون جونز بھی سمر سلیم میں شریک ہوکر بروک لیسنر کو میچ کا چیلنج دے سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں