دی اکنامسٹ گروپ کے ریسرچ اینڈ انالائسز ڈویژن ’اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو)‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کراچی کو ’رہائش‘ کے حوالے سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کردیا۔

سکونت اختیار کرنے سے متعلق دنیا کے 140 بدترین شہروں کی فہرست میں ’کراچی‘ کا نمبر 134 ہے، یعنی پورٹ موریسبی، ڈھاکہ، تریپولی، لاؤس اور دمشق کے مقابلے میں کراچی کو بہتر بتایا گیا ہے۔

شہروں کی درجہ بندی استحکام، صحت کی سہولیات، ثقافت و ماحول، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نوعیتی اور کمیتی عوامل کی بنیادوں پر کی گئی۔

درجہ بندی کے لیے کیے جانے والے سروے میں صرف ان شہروں اور بزنس سینٹرز کو شامل کیا گیا تھا جہاں لوگ سکونت اختیار کرنا یا دورہ کرنا چاہیں، لہٰذا اس میں کابل اور بغداد کو شامل نہیں کیا گیا تھا جہاں جنگ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رہائش کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہر

تاہم ماضی قریب میں نسبتاً غیر مستحکم رہنے والے شہروں جیسا کہ ’دمشق‘ کو سروے میں شامل کیا گیا۔

آسٹریلیا کا شہر میلبورن ’قابل سکونت‘ شہروں میں مسلسل ساتویں بار پہلے نمبر پر رہا، جبکہ آسٹریلیا کے دیگر دو اور کینیڈا کے تین شہر اس فہرست کے پہلے 10 شہروں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب کراچی مسلسل تیسری بار رہائش کے لیے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل رہا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حیران کن طور پر کراچی میں ان پانچ شعبوں میں سے کسی میں 2015 سے کوئی بہتری نہ بدتری آئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Aug 19, 2017 06:17pm
کراچی کو یہ بدترین اعزاز دلانا پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا بے مثال کارنامہ ہے، کام تو دور کی بات کراچی کے لیے کوئی بات تک کرنے کو تیار نہیں، پیپلز پارٹی نے نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کا جو حال کیا ہے جو ناقابل بیان ہے، صرف اپنا کام پورا، جہاں کا کھاتے ہیں وہی ۔۔۔۔۔۔۔۔ میرے پیارے شہر کراچی کے لیے دعاگو