جس طرح بر صغیر کے کھانے لذیذ اور ذائقہ دار ہوتے ہیں، اسی طرح مشرق وسطیٰ اور ایرانی کھانے بھی ذائقوں میں اپنی مثال آپ ہیں۔

نہ صرف ایرانی کہوہ اور میٹھے کھانے لذیذ ہوتے ہیں، بلکہ وہاں کے مرغن کھانے، سبزیاں اور چاول بھی ذائقہ دار ہوتے ہیں۔

ایران کے روایتی کھانوں میں شمار ہونے والے ایرانی مکھن چاول چکن نہ صرف کھانے میں ذائقہ دار ہے، بلکہ اسے بار بار کھانے کو دل بھی کرتا ہے۔

مکھن چاول چکن کو تیار کرنا محنت طلب کام ضرور ہے، مگر مشکل نہیں، جب کہ اس کا ذائقہ بے مثال ہوتا ہے۔

اس کھانے کو تین مختلف مرحلوں میں تیار کیا جاتا ہے، جس وجہ سے اس کی لذت کا کوئی ثانی نہیں ہوتا۔

اجزاء

مکھن چکن تیار کرنے کے لیے:

مرغی آدھا کلو بغیر ہڈی چھوٹی بوٹیاں کرلیں

پیاز ایک عدد کاٹ لیں

مایونیز 3 چائے کے چمچ

سرکہ 3 چائے کے چمچ

تازہ مکھن 2 چائے کے چمچ

زعفران ایسنس نصف چائے کا چمچ

سفید زیرہ اور دار چینی پائوڈر 2 چائے کے چمچ

سفید مرچ پائوڈر 2 چائے کے چمچ

لہسن حسب ذائقہ

کالی مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچ

سبزی کے لیے:

سرخ ٹماٹر 2 عدد کاٹ لیں

پیاز ایک عدد کاٹ لیں

آلو ایک عدد ابال لیں (صوابدیدی)

شملہ مرچ 3 عدد

کالی مرچ 3 کھانے کے چمچ

نمک حسب ذائقہ

چاول کے لیے:

اعلیٰ کوالٹی کے چاول 500 گرام (بوائل کرلیں)

تازہ مکھن 300 گرام

ترکیب

ایک برتن میں چکن کو مکھن، مایونیز اور تمام چیزوں میں ملاکر اس وقت تک پکائیں، جب تک وہ ہلکا سرخ نہیں ہوجاتا، خیال رہے کہ بوٹیاں زیادہ سرخ نہ ہونے پائیں۔

پھر صرف بوٹیوں کو نکال کر بار بی کیو کی طرح مکھن یا تیل کے ساتھ ہلکا تلیں۔

آخر میں پھر بوٹیوں کو اجزاء سے ملالیں۔

سبزی کو بھی اسی طرح ایک الگ برتن میں تیار کریں (چاہیں تو سبزی کو مرغی کے ساتھ ملاکر تیار کریں)

آخرمیں ایک علیحدہ برتن میں چاول کو مکھن کے ساتھ پکائیں۔

جب تمام چیزیں تیار ہوجائیں تو الگ الگ پلیٹوں میں چاول، چکن اور سبزی نکالیں کر نوش فرمائیں۔

چاہیں تو ایک ہی پلیٹ میں مکس کر کے کھائیں۔

اگر اس کھانے کو مزید لذیذ بنانا چاہیں تو ایک عدد سرخ میٹھے انار کے دانے بھی مکھن چکن چاول کے ساتھ ملاکر کھائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں