سندھ کے صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیاالحسن لنجار کا کہنا ہےکہ کراچی جیل میں موجود خطرناک قیدیوں کو کراچی سے سندھ کے مختلف جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے اور سندھ کے تمام جیلوں کی سیکورٹی سخت کی گئی ہے۔

ضیاالحسن لنجار نے سینٹرل جیل سکھر کے مختلف بیریکس کا دورہ کیا اور اس موقع پرجیل سپرینٹنڈنٹ راجا ممتاز نے جیل کی سیکیورٹی کی صورت حال اور قیدیوں کے متعلق بریفنگ دی۔

وزیر جیل خانہ جات نے سینٹرل جیل کے مختلف بیرکس،سیکورٹی وارڈن، سیکورٹی وارڈ ٹو، چکر وارڈز کا دورہ کیا اورقیدیوں کہ مسائل بھی معلوم کیے۔

صوبائی وزیر نے کراچی جیل سے قیدیوں کی دوسرے جیلوں میں منتقلی کے پیش نظر سینٹرل جیل سکھر میں بیرکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔

انھوں نے جیل سپرنٹینڈنٹ کو سینٹرل جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتےہوئے کہا کہ قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق سہولیات مزید بہتر اور اچھا کھانا فراہم کیا جائے۔

جیل کے ہسپتال میں موجود قیدی مریضوں کی عیادت کے دوران ڈاکٹروں سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا جبکہ جیل میں موجود لیبارٹری کا بھی دورہ کیا اور اپنا بلڈ ٹیسٹ بھی کروایا۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات کے ساتھ ہائی کورٹ بار سکھر کے صدر قربان ملانو، حیدرآباد ہائی کورٹ بار کے صدر ایاز تنیو اور دیگر وکلا نے بھی جیل کا دورہ کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں