کراچی: جذام کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستان کی مدر ٹریسا' ڈاکٹر روتھ فاؤ کو آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد گورا قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت کے مطابق آنجہانی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔

تینوں مسلح افواج کے سربراہ ڈاکٹر روتھ فاؤ کو سلامی دیتے ہوئے—فوٹو: ڈان نیوز
تینوں مسلح افواج کے سربراہ ڈاکٹر روتھ فاؤ کو سلامی دیتے ہوئے—فوٹو: ڈان نیوز

صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی تدفین میں شرکت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف، ایئرچیف سمیت عسکری حکام نے ڈاکٹر روتھ فاؤ کو سلامی بھی دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد زبیر سمیت متعدد اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد ڈاکٹر روتھ فاؤ کو آخری الوداع کہنے گورا قبرستان پہنچی جہاں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے صدر میں واقع سینٹ پیٹرک چرچ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات ادا کی گئیں، مسلح افواج کے اہلکار ڈاکٹر روتھ کے جسدِ خاکی کو لے کر چرچ میں داخل ہوئے جبکہ ان کا تابوت پاکستانی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: جذام کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستانی مدر ٹریسا‘ چل بسیں

واضح رہے کہ آخری رسومات کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں نے ذمہ داریاں سنبھال رکھی تھیں۔

سینٹ پیٹرک چرچ میں رسومات کا منظر—فوٹو: ڈان نیوز
سینٹ پیٹرک چرچ میں رسومات کا منظر—فوٹو: ڈان نیوز

جذام/کوڑھ کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستان کی مدر ٹریسا' ڈاکٹر روتھ فاؤ گذشتہ ہفتے (10 اگست) کی رات کراچی میں انتقال کر گئی تھیں۔

کراچی کے علاقے صدر میں جذام کے مریضوں کے علاج کے لیے قائم میری ایڈیلیڈ سینٹر کے سی ای او کے مطابق 88 سالہ ڈاکٹر روتھ فاؤ 2 ہفتے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ 1960 میں جرمنی سے پاکستان آئی تھیں، انہیں 1979 میں ہلال امتیاز اور 1989 میں ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کو 1988 میں پاکستانی شہریت دی گئی، ان کی کوششوں کی بدولت پاکستان کو 1996 میں جذام سے پاک ملک قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے—فوٹو: اے ایف پی
ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے—فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (2) بند ہیں

Mubashar Nasir Aug 19, 2017 10:42am
With her sad demise a great chapter of selfless services to ailing humanity is closed. May her soul rest in eternal peace. Amen.
Anwer Aug 19, 2017 10:45am
the report is not complete , PPP's Sindh government request formally for this through its chief minister so PM ordered for that