وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آنجہانی ڈاکٹر روتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سول ہسپتال کراچی کا نام 'ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال' رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہسپتال کا نام تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ڈاکٹر روتھ 'فاؤ فخر سندھ اور فخر پاکستان' تھیں۔

جذام/کوڑھ کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستانی مدر ٹریسا' ڈاکٹر روتھ فاؤ گذشتہ ہفتے (10 اگست) کی رات کراچی میں انتقال کرگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: جذام کے مریضوں کا علاج کرنے والی 'پاکستانی مدر ٹریسا‘ چل بسیں

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد انہیں آج (19 اگست) کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گورا قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد زبیر سمیت متعدد اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر روتھ فاؤ کی تدفین میں شرکت کی، جہاں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ 1960 میں جرمنی سے پاکستان آئی تھیں، انہیں 1979 میں ہلال امتیاز اور 1989 میں ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کو 1988 میں پاکستانی شہریت دی گئی، ان کی کوششوں کی بدولت پاکستان کو 1996 میں جذام سے پاک ملک قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ashrf Aug 19, 2017 10:49pm
Dear Brother Dr. Rith Fawo worked for Pakistan. It is appreciate able. The order given by CM Sindh is not appreciate able. In my point of view build a new hospital in Karachi and it's name should be Dr. Rith Fawo hospital. By this way people of Karachi will get an new hospital.