ایک طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کے ممکنہ نام منظر عام پر آگئے جن میں جنوبی افریقہ، بنگلادیش، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے نامور کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین شہریار خان اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کے میدانوں میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے کے قریب ہیں۔

آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں جن میں دنیائے کرکٹ کے صف اول کے کھلاڑی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کا پاکستان میں ’ورلڈ الیون‘ بھیجنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون کے ممکنہ کھلاڑیوں میں جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ، لیگ اسپینر عمران طاہر، انگلش لیگ اسپینر عادل رشید، زمبابوے کے بیٹسمین سکندر رضا اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن اور تمیم اقبال بھی ممکنہ ورلڈ الیون میں شامل ہیں جبکہ افغانستان کے محمد نبی بھی پاکستان کا دورہ کرنے والی ممکنہ ورلڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔

3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے والے دیگر کھلاڑیوں کے نام بھی کچھ روز میں سامنے آجائیں گے۔

اُدھر پی سی بی نے بھی ورلڈ الیون کے خلاف میچوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی لیکن اس کا اعلان سیکیورٹی کے پیش نظر تاخیر سے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ الیون کے انتخاب کی ذمے داری اینڈی فلاور کے سپرد

ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر کے وسط میں چار روز کے دورے پر پاکستان آئے گی اور اس دوران پاکستان کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

پی سی بی کے مطابق دورہ پاکستان کے لیے آنے والے کھلاڑیوں میں دنیا کی صف اول کی ٹیموں کے بہترین 13 کھلاڑی موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کرکٹ نے بھی پاک-سری لنکا سریز کا ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی جس کا آغاز آئندہ ماہ سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں