قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ہیلی کاپٹر کی موسم کی خرابی کے باعث خیبرپختونخوا کےعلاقے بالا کوٹ میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی تاہم اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر رہنما بھی بحفاظت لینڈ ہوئے۔

خورشید شاہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ کاغان جارہےتھے، فوٹو:ڈان نیوز
خورشید شاہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ کاغان جارہےتھے، فوٹو:ڈان نیوز

واضح رہے کہ مانسہرہ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ایک جلسہ عام کا انتظام کیا تھا جس سے چیئرمین بلاول بھٹو، خورشید شاہ اور نیئر بخاری سمیت سینیئررہنماؤں نے خطاب کیا۔

ہیلی کاپٹر میں خورشید شاہ کے علاوہ پی پی پی کی خاتون رہنما شیری رحمٰن، سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی اورنیئربخاری بھی موجود تھے۔

پی پی پی کے رہنما مانسہرہ میں جلسےکے بعد کاغان جارہے تھے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو موسم کی خرابی کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔

پیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد خورشید شاہ اور دیگر رہنما ٹیکسی میں سوار ہو کر کاغان روانہ ہوئے۔

شیری رحمٰن نے ٹویٹرمیں اپنے پیغام میں کہا کہ 'کاغان جاتے ہوئے ہیلی کو خراب موسم کا سامنا کرنا پڑا لیکن مقامی افراد کے پیار نےاس کا مداوا کیا'۔

بالاکوٹ میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ 'بالاکوٹ میں ہیلی کاپٹر کی ہنگالی لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کے ذریعے گئے جہاں مقامی افراد نے میزبانی کی'۔

قبل ازیں مانسہرہ میں جلسے سےخطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے چیئرمین نے کے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہزارہ کو ڈویژن کا رتبہ دیا اور مانسہرہ میں اسکول اور کالجز بنائے۔

شیری رحمٰن نے جلسے میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ نواز شریف نے مانسہرہ کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا لیکن ہم جمہوریت کو بچائیں گے کسی سے ڈیل نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا تھا کہ کپتان نے خیبر پختونخوا کی عوام کیلئے کیا کیا؟ عمران خان نے اپنے دور میں کوئی یونیورسٹی نہیں دی۔

تبصرے (0) بند ہیں