پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ڈسپلن کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے دو تین روز میں خوش خبری سنائیں گے۔

لاہور میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ'ورلڈ الیون اور سری لنکا کے علاوہ ایک اور پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں اور آئندہ دو تین روز میں ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سےخوش خبری سنائیں گے'۔

انھوں نے کہا کہ 'ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے لیکن چند لوگ کہہ رہے تھے کہ ورلڈ الیون میں صرف ایک یا دو ممالک کے کھلاڑی شامل ہوں گے مگر ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ پاکستان کادورہ کرنے والی ورلڈالیون میں ہر ملک کے سرفہرست کھلاڑی شامل ہوں گے جس کا حتمی اعلان ایک دو روز میں ہو جائے گا'۔

نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ عمراکمل سمیت کسی کھلاڑی کوڈسپلن کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں:مکی آرتھر پر الزامات: عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری

خیال رہے کہ عمر اکمل نے دو روز قبل ٹیم کےہیڈ کوچ مکی آرتھر پر انھیں گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا اور میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں۔

پی سی بی نے عمراکمل کے بیان کے بعد شوکاز نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا تھا لیکن اسی دوران عمر اکمل نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں ان کے خلاف سازش کرنے کا الزام دیا تھا تاہم پی سی بی نے ان کے الزامات کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ انھیں فٹنس کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں الزامات کا سامنے کرنے والے کھلاڑیوں کے بارے میں بتایا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ 10 روز میں آجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:آرتھر نے انضمام کے سامنے میری تذلیل کی:عمراکمل

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کھیل کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور ان کی کاوشوں سے اچھے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا لاہور قلندرز کی وجہ سے ڈیویلپمنٹ پروگروام میں بہتری آرہی ہے جس پر وہ خرچہ بھی کر رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کی لیگ میں شرکت سے پاکستان کرکٹ کو ہی فائدہ ہوگا۔

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے چند میچز لاہور اور کراچی میں کروانے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں