کاغان: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی نظام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ موجودہ حالات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی آپس کی لڑائی کی وجہ سے ہیں۔

کاغان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب تک خیبرپختونخوا (کے پی کے) میں ان کے تمام جلسے کامیاب ہوئے ہیں جس کے لیے وہ عوام کے مشکور ہیں۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت سے پیچھے نہیں ہٹ رہی بلکہ اس پر قائم ہے لیکن ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ دھوکا دیا اور پی پی پی کے گذشتہ دور حکومت میں ن لیگ نے ساتھ نہیں دیا تو اس وقت پی پی پی سے حمایت کی امید کیسے کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اسٹیج پرآ کر ایک نیاجھوٹ بولتے ہیں، بلاول

مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے سیاسی نظام کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ تخت رائیونڈ پر آپس میں لڑائی ہورہی ہے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے خواہاں نہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہیے اور پارلیمنٹ کو اپنا وقت پورا کرنا چاہیے جبکہ پارلیمنٹ میں ن لیگ کے کردار پر بحث بھی ہونی چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں، ’عمران خان کا یہی رویہ سندھ کی عوام کو پسند نہیں۔‘

انہوں نے عمران خان کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے سربراہ کو سندھ میں خوش آمدید کہے گی اور اسی طرح ہر سیاسی جماعت کو سندھ میں آنا چاہیے اور یہاں بھی کام کرنے چاہیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری کے خلاف آخری کرپشن کیس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی خیبر پختونخوا میں عوامی رابطہ مہم جاری ہے اور چترال سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں کامیاب جلسے کیے گئے جو سیاسی حریفوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اٹک میں بھی جلسہ کامیاب ہوگا۔

قبل ازیں کاغان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اگر انہوں نے خیبر پختونخوا میں مزید جلسے کیے تو عمران خان رونا دھونا شروع کردیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اللہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک مرتبہ پھر موقع دیا تو وہ غریب عوام کی ایک بار پھر خدمت کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں