پہلا ون ڈے:بھارت کی سری لنکا کو شکست

21 اگست 2017
شیکھر دھون نے 132 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی
شیکھر دھون نے 132 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی
شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کی ناقابل شکست شراکت—فوٹو:اے ایف پی
شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کی ناقابل شکست شراکت—فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے باؤلرز بہترین کارکردگی اور شیکھردھون کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت سری لنکا کو 5 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر میزبان سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی باؤلرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔

سری لنکا کے اوپنرز نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے ایک اچھی شراکت قائم کی، نیروشان ڈکویلا اور گناتھیلاکا نے 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

گناتھیلاکا 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈکویلا نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوسل مینڈس نے36 رنز بنا کر ڈکویلا کا بھرپور ساتھ دیا لیکن آکشر پٹیل نے ان کی وکٹیں اڑادیں جس کے بعد کپتان اپل تھرنگا 13 رنز بنا کر جادیو کا نشانہ بنے۔

سابق کپتان اینجیلو میتھیوز نے 36 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ان کی کوششیں بھی کام نہ آئیں اور دیگر بلے باز آؤٹ ہوتے رہے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

بھارت کی جانب سے آکشر پٹیل نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، بھمرہ، چاہل اور جادیو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک آسان کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر روہت شرما صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سری لنکا کے باؤلرز کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

شیکھر دھون اور کپتان ویرات کوہلی کے درمیان ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی اور 217 کا ہدف 29 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرکے میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔

شیکھر دھون نے 20 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 132 اور ویرات کوہلی نے 82 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

دھون کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت نے اس کامیابی کے ساتھ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش کردیا تھا جس کے بعد ایک روزہ سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں