گجرات: سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ لالہ موسیٰ اور وزیرآباد کے منسوخ ہونے کی وجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت میں ہونے والی آپسی لڑائی ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو لالہ موسیٰ میں 12 سالہ بچے حامد چغتائی کے گھر کا دورہ کرنا تھا جو نواز شریف کی ریلی کے دوران پروٹوکول میں شامل گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا تھا، اس کے علاوہ شریف برادران کو وزیر آباد کا بھی دورہ کرنا تھا جہاں نواز شریف نے اپنی ریلی کے دوران خطاب نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لیگی انتظامیہ کے مطابق نواز شریف کو جاں بحق ہونے والے بچے کے گھر لے جانے کی مکمل تیاری کرلی گئی تھی تاہم انتظامیہ کی تمام تر کوششیں ضائع ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی ریلی: بچے کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات مکمل

ن لیگ ذرائع کے مطابق وزیر مملکت برائے کھیل اور شپنگ جعفر اقبال نے پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا تھا کہ میاں طارق محمود نے 12 سالہ لڑکے کے گھر والوں سے سیٹلمنٹ کرنے کی کوشش کی، لیکن یہ ان کا حلقہ نہیں تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر اقبال نے 12 سالہ لڑکے کے گھر والوں کے ساتھ کی جانے والی مفاہمت کی کوششوں کو پارٹی کی جانب سے سینئر سرکاری، صوبائی اور ضلعی سطح پر مسلسل نظر انداز کرنے پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے احتجاج بھی کیا۔

ن لیگ کے پلان کے مطابق نواز شریف کے ساتھ میاں طارق محمود کو مقتول بچے کے گھر جانا تھا اور یہی صورتحال وزیر مملکت جعفر اقبال کے لیے تشویش کا باعث تھی اور ان کا خیال تھا کہ اس سے حلقے میں ان کے سیاسی اثر و رسوخ کو نقصان پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریلی میں بچے کی ہلاکت: نواز شریف کو مقتول کے گھر نہ جانے کا 'مشورہ'

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیر مملکت جعفر اقبال نے صوبائی رکن اسمبلی میاں طارق کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

جعفر اقبال اور میاں طارق حلقے میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جاتے ہیں اور دونوں ہی 2002 اور 2008 کے الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست 106 پر حریف کے طور پر آمنے سامنے تھے، میاں طارق نے اُس وقت مسلم لیگ (ق) جبکہ جعفر اقبال نے ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا، تاہم 2013 کے عام انتخابات میں دونوں ہی سیاست دانوں نے ن لیگ کے ٹکٹ پر حصہ لیا۔

علاوہ ازیں لیگی انتظامیہ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر آباد سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی افتخار چیمہ اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ کے درمیان ذاتی تناؤ بھی شریف برادران کے دورہ لالہ موسیٰ اور وزیر آباد کی منسوخی کی وجہ ہے۔


یہ خبر 21 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں