دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور سوشل شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے تک ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی۔

دونوں سوشل ویب سائٹس کی سروس پاکستان میں شام 6 بج کر 40 منٹ پر معطل ہوئی، جو ساڑھے 7 بجے کے بعد بحال ہوئی۔

اس دوران دونوں ویب سائٹس کے پاکستانی صارفین ذہنی اذیت کا شکار رہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے میں تیسری بار فیس بک کی سروس میں خرابی پشی آئی تھی، اس سے قبل 23 اگست کو بھی سوشل ویب سائٹ کی سروس میں خرابی آگئی تھی، تاہم اس وقت فیس بک کی سروس زیادہ پیمانے پر ڈاؤن نہیں ہوئی تھی۔

2 دن بعد 25 اگست کو بھی فیس بک کی سروس کئی ممالک میں ڈاؤن رہی تھی، اور کروڑوں صارفین کو آن لائن ہونے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں

رواں ہفتے میں تیسری بار فیس بک کی سروس 26 اگست کو ڈاؤن ہوئی، جب کہ اس کے ساتھ ہی انسٹاگرام کی سروس بھی تعطل کا شکار رہی، جو ایک گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔

اس بار پاکستان، امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں ایک ساتھ فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن ہوئی، جس وجہ سے دنیا بھر کے صارفین پریشان رہے۔

پاکستان میں 26 اگست کو شام 6 بج کر 40 منٹ کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن ہوئی، جو ایک گھنٹے بعد بحال ہونا شروع ہوئی۔

مزید پڑھیں: انڈیا میں فیس بک کی سروسز بند

تاہم پاکستان میں کئی صارفین اس خرابی سے بے خبر بھی رہے۔

فیس بک کی سروس ڈاؤن ہونے کا عکس—اسکرین شاٹ
فیس بک کی سروس ڈاؤن ہونے کا عکس—اسکرین شاٹ

پاکستانی صارفین جیسے ہی فیس بک پر کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر کرنے کی کوشش کرتے تو سروس میں ارر آجاتا، اور صارف کو پیغام ملتا کہ آپ اس وقت تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کرسکتے۔

پاکستان کے علاوہ برطانیہ، امریکا، و یورپی ممالک سمیت دیگر ممالک میں بھی سوشل ویب سائٹس کی سروس میں خرابی پیش آئی۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال

فوری طور پر فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس میں خرابی کی نوعیت کا پتہ نہیں چل سکا، اور نہ ہی کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا گیا۔

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ کی سروس ڈاؤن ہونے پر مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’فیس بک ڈاؤن‘ کا ہیش ٹیگ نمایاں ہوگیا، اور دنیا بھر کے لوگوں نے ٹوئیٹ کیے کہ فیس بک سروس معطل ہے۔

ادھر ویب سائٹس کی آن لائن سروس میں خرابی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈائون ڈٹیکٹر نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ فیس بک کی سروس نہ صرف رواں ہفتے بلکہ مسلسل کئی ماہ سے مسائل کا شکار رہی ہے۔

ڈاؤن ڈٹیکٹر کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی سروس دنیا کے مختلف ممالک میں جولائی، جون، مئی، اپریل، مارچ اور جنوری و فروری سمیت سال 2017 کے تمام مہینوں میں رہی، تاہم فیس بک کی سروس بیک وقت پوری دنیا میں صرف 26 اگست کو ہی ڈاؤن ہوئی۔

مزید پڑھیں: فیس بک کی سروس استعمال کرنے کا خطرہ

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فیس بک اور ان کی ہی سوشل شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن ہوتی رہی ہے۔

دو سال قبل 2015 میں دونوں سوشل ویب سائٹس کی سروس دنیا بھر میں پورے ایک گھنٹے تک معطل رہی تھی۔

جنوری 2015 میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے معطل ہونے پردنیا بھر میں لوگ ذہنی اذیت کا شکار ہوئے تھے۔

اس سے قبل ستمبر 2014 میں بھی فیس بک کی سروس 2 بار معطل ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں