سام سنگ نے رواں سال کے دوسرے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 8 کو پاکستان میں پری آرڈر میں فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔

سام سنگ نے یہ فون 23 اگست کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران پیش کرتے ہوئے اسے نوٹ سیریز کا سب سے بہترین فون قرار دیا تھا۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے پاکستان میں پری آرڈر پر بکنگ کرانےوالے افراد کے لیے کچھ انعامات بھی رکھے ہیں۔

اگر نوٹ ایٹ میں پری آرڈر کرائیں گے تو آپ کو آئی فلیکس کی ایک سال کی سبسکرائپشن مفت ملے گی۔

اسی طرح اتحاد ائیرویز کی ٹکٹوں پر بیس فیصد رعایت اور مفت انٹرنیٹ کی سہولت بھی ایسے صارفین کو دی جائے گی۔

یہ فون پاکستان میں مڈنائٹ بلیک، میپل گولڈ اور آرچڈ گرے رنگوں میں دستیاب ہوگا اور اس لنک پر جاکر آپ پری آرڈر کرسکتے ہیں۔

پاکستان میں اس فون کی قیمت ایک لاکھ 8 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔

فیچرز

یہ نیا فون دیکھنے میں تو گلیکسی ایس ایٹ پلس جیسا ہے مگر اس کا ڈسپلے کچھ بڑا یعنی 6.3 انچ کا ہے جبکہ اس کے کونے زیادہ گول جبکہ سائیڈ ایجز کم خم کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں : گلیکسی نوٹ 8 کو آئی فون سے بہتر ثابت کرنے والے 6 فیچرز

اس فون میں اسنیپ ڈراگون 835 یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس اوکٹا کور پراسیسر، 64 جی بی اسٹوریج (مائیکرو ایس ڈی سپورٹ موجود ہے) اور سکس جی بی ریم کے ساتھ ایس ایٹ سے زیادہ طاقتور فون ہے اور وائرلیس چارجنگ بھی اس کا حصہ ہے۔

اس فون کی بیٹری 3300 ایم اے ایچ ہے جس کا مقصد گزشتہ سال جیسے مسئلے سے بچنا ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل کیمرہ دیا گیا ہے۔

یہ ڈوئل کیمرہ بارہ میگا پکسل کے سنسرز کے ساتھ ہے جس میں ایک کیمرہ ریگولر/ وائیڈ اینگل لینس کے ساتھ ہے جس میں ایف 1.6 آپرچر دیا گیا جبکہ دوسرا ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ ہے جس میں ایف 2.4 آپرچر ہے۔

اس کے فرنٹ پر آٹھ میگا پکسل کا آٹو فوکس کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ فون کو آنکھوں کی مدد سے ان لاک کیا جاسکتا ہے اور یہ ایس ایٹ کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ بھی ہے جو ڈیڑھ میٹر پانی میں 30 منٹ تک ڈوب کر بھی محفوظ رہتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں