گلیکسی نوٹ 8 نے ریلیز سے قبل ہی ریکارڈ قائم کردیئے

10 ستمبر 2017
گلیکسی نوٹ 8 — اے ایف پی فائل فوٹو
گلیکسی نوٹ 8 — اے ایف پی فائل فوٹو

گلیکسی نوٹ 8 سام سنگ کی تاریخ کا سب سے مہنگا فون ہے جس کی قیمت 930 ڈالرز (پاکستان میں ایک لاکھ 8 ہزار روپے سے زائد) ہے۔

مگر اس فون نے مارکیٹ میں دستیاب ہونے سے قبل ہی فروخت کے نئے ریکارڈز قائم کردیئے ہیں۔

سام سنگ نے انکشاف کیا ہے کہ گلیکسی نوٹ ایٹ کے پری آرڈرز ماضی کے کسی بھی نوٹ فون کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریاں پھٹنے کا مسئلہ بھی کمپنی کی ساکھ کو متاثر نہیں کرسکا۔

مزید پڑھیں : گلیکسی نوٹ 8 پاکستان میں پری آرڈر پر دستیاب

صرف بھارت میں ہی اس فون کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں جبکہ امریکا میں بھی اس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

سام سنگ نے دنیا بھر میں اس فون کے پری آرڈرز کے اعدادوشمار تو جاری نہیں کیے مگر اس کے مطابق صرف امریکا میں ہی اتنے لوگوں نے گلیکسی نوٹ ایٹ کو خریدا ہے جو اس سے قبل سے کسی بھی فون کے لیے دیکھنے میں نہیں آیا۔

واضح رہے کہ یہ فون 15 ستمبر کو باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جسے لوگ پاکستان میں بھی پری آرڈر پر بک کروا سکتے ہیں۔

23 اگست کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران اسے متعارف کرایا گیا تھا جس کے لیے 64 جی بی اور 128 جی بی کے ورژن صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اس کے 64 جی بی اسٹوریج والا مڈل 930 ڈالرز کا ہے۔

6.3 انچ کے فل وژن کواڈ ایچ ڈی پلس ڈسپلے والے اس فون کا ریزولوشن 1440x2960 ہے۔

اس میں سکس جی بی ریم، اسنیپ ڈراگون 835 یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس 8895 ایس او سی پراسیسر دیا جائے گا جبکہ اسٹائلوس یا ایس پین تو اس برانڈ کا حصہ ہوتا ہی ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل کیمرہ سیٹ دیا گیا ہے اور دونوں کیمرے 12 میگا پکسل کے ہیں اور کمپنی نے اسے مارکیٹ میں دستیاب سب سے بہترین ڈوئل کیمرہ فون قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گلیکسی نوٹ 8 کو آئی فون سے بہتر ثابت کرنے والے 6 فیچرز

گلیکسی ایس ایٹ کی طرح یہ بھی ڈسٹ اور واٹر ریزیزٹنٹ ہے جس میں فی الحال اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم ہے تاہم جلد اسے اینڈرائیڈ اوریو سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

اس فون میں پہلے کے مقابلے میں چھوٹی 3300 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے تاکہ گلیکسی نوٹ سیون جیسا بیٹریاں پھٹنے کا مسئلہ پیدا نہ ہوسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں