فیس بک میں انسٹنٹ ویڈیوز کی آزمائش

12 ستمبر 2017
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

فیس بک نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے تاکہ ویڈیوز ہر وقت دیکھنے کے لیے تیار رہیں اور آپ کو انہیں ڈاﺅن لوڈ کرنے پر ڈیٹا ضائع نہ کرنا پڑے۔

انسٹنٹ ویڈیو نامی یہ فیچر اس وقت متعدد ویڈیوز کو ڈیوائس میں محفوظ کرلے گا جب وہ وائی فائی سے کنکٹ ہوگی تاکہ فون کے اندر فیس بک ایپ میں انہیں کسی بھی وقت پلے کیا جاسکے۔

انسٹنٹ ویڈیو کے فیچر کو متعارف کرانے کے کئی مقاصد ہیں، ایک تو فیس بک ویڈیوز کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہے جبکہ اس فیچر سے توقع ہے کہ دیکھنے والوں کی تعداد بڑھے گی۔

مزید پڑھیں : فیس بک ویڈیوز کیسے ڈاؤن لوڈ کریں؟

اسی طرح بغیر لوڈنگ ٹائم کے ویڈیو پلے ہونا بھی صارفین کے لیے زیادہ پرکشش خیال ثابت ہوگا۔

فیس بک کے مطابق وائی فائی پر ویڈیو کو دیکھنے کے لیے تیار کرنا موبائل ڈیٹا کو بچا کر صارفین کے لیے سینکڑوں روپے بچانے میں مدد دے گا اور لوگ موبائل پر ویڈیوز دیکھنا زیادہ پسند کریں گے، کیونکہ انہیں معلوم ہوا کہ اس سے ان کا موبائل ڈیٹا ضائع نہیں ہوگا۔

فیس بک نے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ فی الحال اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں محدود تعداد میں صارفین اسے استعمال کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں

تاہم کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

تاہم یہ فیچر ان افراد کے فونز کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا جن میں اسٹوریج کم ہوتی ہے کیونکہ ویڈیوز خودکار طور پر ڈاﺅن لوڈ ہوکر ڈیوائس کی اسٹوریج جلد ختم کرنے کا باعث بنیں گی۔

مگر فیس بک کے مطابق یہ فیچر ان افراد کے لےی بہترین ہے جنھیں موبائل ڈیٹا کی رفتار کا مسئلہ لاحق رہتا ہے جبکہ ویڈیوز دیکھنا کافی مہنگا بھی ثابت ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں