ڈیرہ بگٹی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ سوئی کی گیس سے پورے پاکستان نے ترقی کی اور اب پاکستان کے عوام بلوچستان کا قرض ادا کریں گے۔

وزیراعظم ان دنوں صوبہ بلوچستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جمعرات 14 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے کچھی کینال کے افتتاح کیا۔

اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد 2002 میں رکھا گیا اور آج افتتاح ہورہا ہے، اس دوران ایک آمر اور پیپلز پارٹی کی مختلف حکومتیں قائم تھیں تاہم ان کے ادوار میں منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں: پانی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز جاری

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پانی اور گیس کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا جبکہ کچھی کینال منصوبہ دو صوبوں کے درمیان محبت کا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھی کینال منصوبے پر 80 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوئی کی گیس سے پورے پاکستان نے ترقی کی، اب پاکستان کے عوام بلوچستان کا قرض ادا کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ آج یہاں نواز شریف کو ہونا چاہیے تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) باتیں کم اور کام زیادہ کرتی ہے، ’جبکہ دیگر جماعتیں باتیں زیادہ اور کام کم کرتی ہیں‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام ہے مگر اس سے اتفاق نہیں کرتے جبکہ نوازشریف کا سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونا پاکستان کی فتح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘اداروں میں محاذ آرائی نہیں،اپنا دفاع کرنا ہرشخص کا حق ہے’

انہوں نے ناراض بلوچ بھائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ناراض بلوچ بھائی آگے آئیں اور صوبے کی ترقی میں حصہ لیں، ’بہت جلد بلوچستان پاکستان کا امیر ترین صوبہ بن جائے گا‘۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا دعویٰ تھا کہ ترقیاتی منصوبے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ڈیرہ بگٹی میں 50 بیڈز کا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام تمام جماعتوں کی کارکردگی سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے اور ڈیرہ بگٹی بھی آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں