فیشن پاکستان ویک کا پہلا روز میشا لاکھانی کے نام

فیش پاکستان ویک کا پہلا روز میشا لاکھانی کی کلیکشن کے نام


فیشن پاکستان ویک کا آغاز کراچی میں زور و شور سے ہوا، جس کے پہلے روز پاکستان کے کئی نامور ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشن کی نمائش کی۔

اس دوران کئی شاندار ماڈلز ڈیزائنر میشا لاکھانی، ارم خان، آمنہ عقیل، ثنا یاسر، عبید شیخ اور سائرہ رضوان کے ملبوسات پہن کر ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔

تقریب میں پاکستان کی کئی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔

لیکن اس دن کس ڈیزائنر نے متاثر کیا اور کون پیچھے رہا، یہاں دیکھیں:

میشا لاکھانی

ڈیزائنر میشا لاکھانی کی کلیکشن فیشن پاکستان ویک کے پہلے دن کی پہلی کلیکشن تھی اور یہی اس دن کی سب سے بہترین کلیکشن کے طور پر سامنے آئی۔

امیشا لاکھانی نے ماضی کے ڈیزائنز کو پیش کیا، جس پر نہایت خوبصورت انداز میں کام کیا گیا، ان کے بنائے ملبوسات میں رنگوں کا انتخاب بھی نہایت سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ نہایت بھاری کاموں کے ملبوسات بھی رنگوں کی وجہ سے ہلکے نظر آئے۔

انہوں نے پُرانے ڈیزائنز کے ساتھ نئے انداز کے کپڑے پیش کیے، جن میں ٹیولپ شلوار اور پلازوز موجود ہیں۔

آمنہ عقیل

ڈیزائنر آمنہ عقیل کی جانب سے پیش کی گئی کلیکشن میں چند ملبوسات کافی نمایاں رہے جبکہ کچھ متاثر کرنے میں ناکام ہوئے۔

خاص طور پر سیاہ اور سنہری رنگ کے لباس کافی خوبصورت اور الگ نظر آئے۔

ماڈل نادیہ حسین نے جو ساڑھی پہنی وہ کافی توجہ کا مرکز بنی، تاہم ایسے بھی ملبوسات تھے جیسے گلابی رنگ کی ایک قمیض جس کا بازو کافی مختلف تھا جو زیادہ پسند نہیں کی گئی۔

البتہ ان ملبوسات کو نہایت صفائی سے بنایا گیا ہے۔

ارم خان

ڈیزائنر ارم خان کی عروسی کلیکشن ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی، جس کی ایک وجہ ان کے جوڑوں پر نہایت بھاری کام تھا۔

آج کل شادیوں کا سیزن جاری ہے اور پُرانے فیشن واپس آرہے ہیں، اور ایسا ہی کچھ ارم خان نے کیا، جن کے ہر جوڑے کے ڈوپٹے پر کرن لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنے ملبوسات میں ویلوٹ کے کپڑے کا استعمال کیا، تاہم زیادہ تر کے اسٹائل کچھ خاص نظر نہیں آئے۔

عبید شیخ

عبید شیخ فیشن پاکستان ویک کے ہر سیزن میں حصہ لیتے ہیں، لیکن اب وقت ہے کہ وہ ناظرین کو اپنے ملبوسات میں کچھ نیا دکھائیں۔

ان کی کلیکشن میں ہر بار وہی ڈیزائنر پیش کیے جاتے ہیں جو فیشن پاکستان ویک میں کئی مرتبہ دیکھنے کو ملے۔

سائرہ رضوان

ڈیزائنر سائرہ رضوان لان کے ملبوسات تو کافی شاندار بناتی ہیں، لیکن عروسی جوڑوں کی اس کلیکشن کو وہ اس کامیابی سے پیش نہیں کرسکیں۔

ویسے تو کلیکشن میں موجود چند ملبوسات قابل تعریف بھی رہے، لیکن ان سے اس کلیکشن کو مزید بہتر کرنے کی امید کی جاسکتی ہے۔

سفیوز بائے ثنا یاسر

ڈیزائنر ثنا یاسر نے اپنی کلیکشن میں نہایت بھاری کاموں کے جوڑے پیش کیے جنہوں نے بہت حد تک متاثر بھی کیا، ان کی سلائی بھی خاصی صفائی سے کی گئی تھی۔

لیکن اب انہیں اپنا خود کا الگ اسٹائل بنانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ماضی میں ایسی کلیکشن جیسے کئی جوڑے سامنے آئے جن میں سلور رنگ پر سلور کام ہی کیا گیا ہو۔

فوٹو بشکریہ/ فیصل قریشی، ڈریگن فلائی