فیشن پاکستان ویک ڈے 2: کس ڈیزائنر کے نام رہا؟

فیشن پاکستان ویک ڈے 2: ڈیزائنر وردا سلیم کی دلہنوں پر سب کی نظر


فیشن پاکستان ویک کے پہلے کامیاب دن کے بعد دوسرے روز پاکستانی ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشن کو اور بہتر انداز میں پیش کیا۔

نہایت خوبصورت عروسی جوڑوں اور مردوں کے لباس کی کلیکشنز کے ساتھ اس دن کا ہر لمحہ یادگار رہا۔

فیشن ویک کے دوسرے دن پاکستان کے کئی نامور ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشن پیش کی جن میں صنم چوہدری، دیپک پروانی، ایچ ای ایم، وردا سلیم وغیرہ شامل ہیں۔

لیکن اس روز سب سے زیادہ متاثر کرنے میں کون سا ڈیزائنر آگے رہا؟ یہاں پڑھیں:

صنم چوہدری

ڈیزائنر صنم جوہدری نے اپنی کلیکشن میں نہایت خوبصورت کام کے ساتھ بنے جوڑے پیش کیے، جن میں کام تو ماضی کی جھلک پیش کررہا تھا لیکن اسے آج کے فیشن کو نظر میں رکھتے ہوئے بنایا گیا۔

ان کے ملبوسات اس دن سب سے مختلف انداز پیش کرتے رہے۔

لانگ کیپس، شارٹ جیکٹس، ساڑھی پر پہنی گئی جیکٹ اور دلچسپ پینٹس اس کلیکشن کی خوبیوں میں سے تھیں، جس نے جوڑوں کو مزید خوبصورت بنادیا۔

وردا سلیم

ڈیزائنر وردا سلیم نے اپنی کلیکشن میں خوبصورت کام کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ رنگوں کو بھی بہترین انداز میں استعمال کیا۔

اس دوران تمام ماڈلز بھی اسٹیج پر عام انداز کی کیٹ واک کرنے کے بجائے نہایت پرجوش انداز میں سامنے آئیں۔

اس کلیکشن میں سب سے زیادہ فوکس شادی میں مہندی کی تقریب پر رکھا گیا، اور تمام تر ملبوسات اسی انداز سے ڈیزائن کیے گئے، ڈیزائنر اپنے ملبوسات پر ہوئے خوبصورت کام سے مشہور ہیں، اور انہوں نے ایف پی ڈبلو میں بھیجی کلیکشن سے بھی یہی ثابت کیا کہ ان کا کام دوسروں سے مختلف اور خوبصورت ہے۔

یقیناً وردا سلیم برائڈل ویئر کی مارکیٹ میں اپنا نام سب سے اوپر لانا چاہتی ہیں، اور ان کی کلیکشنز کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ بہت حد تک اس میں کامیاب بھی ہورہی ہیں۔

عمران راجپوت

عمران راجپوت نے اپنی کلیکشن میں مردانہ سوٹس پیش کیے، لیکن ان کے بنائے تمام تر سوٹس عام انداز کے ہی نظر آئے، جس کے باعث یہ ناظرین کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرنے میں ناکام رہے۔

تاہم عمران راجپوت کو ان کے بنائے سوٹس کی شاندار اور صاف سلائی پر داد دینا ضروری ہے۔

لیکن ڈیزائنر سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی کلیکشن میں کچھ نیا ضرور پیش کرنے کی کوشش کرتے، اور ایسا نہ ہونے پر لوگوں نے ان کے ملبوسات پر زیادہ غور نہیں کیا۔

صدف ملاتیر

ڈیزائنر صدف کی کلیکشن تھی تو کافی شاندار لیکن ان کے ایسے ملبوسات پہلے بھی کئی مرتبہ دیکھے جاچکے ہیں، جس کے باعث ناظرین کچھ اور دیکھنے کی امید کررہے تھے۔

انہوں نے اپنے ملبوسات میں ویلوٹ کا استعمال کیا، تاہم ڈیزائن کے ساتھ ساتھ کپڑا بھی کچھ الگ نہیں رہا۔

ایچ ای ایم

فیشن کلیکشن ایچ ای ایم نے بھاری کام کے جوڑے پیش کیے، جس میں زیادہ تر سلور رنگ کا انتخاب کیا گیا، عید سیزن کے گزرنے کے بعد ایسی کلیکشن ناظرین کو اس طرح متاثر نہیں کرپائی جس طرح اسے کرنا چاہیے تھا۔

اس کلیکشن میں ایسا کچھ نیا بھی پیش نہیں کیا گیا جس کے باعث یہ انوکھی لگے۔

ایچ ای ایم کے ڈیزائنرز یہ غلطی طویل وقت سے کرتے آرہے ہیں، ان کی پیش کی کلیکشنز میں کچھ نیا دیکھنے کو نہیں مل رہا، اور ہر بار ایک انداز کے کپڑے دیکھنے والوں کو بیزار کردیتے ہیں۔

دیپک پروانی

اس دن کی آخری کلیکشن دیپک پروانی نے پیش کی، جس نے ناظرین کو خوب متاثر کیا، ڈیزائنر نے اپنی کلیکشن میں عروسی جوڑوں کو خوبصورت انداز میں ڈیزائن کیا جبکہ مردوں کی شیروانی بھی متاثر کرنے میں کامیاب رہی۔

انہوں نے رنگوں کا انتخاب بھی نہایت سوچ سمجھ کر کیا تھا، جس کے باعث کلیکشن اور بھی شاندار رہی۔

فوٹو بشکریہ/ فیصل قریشی، ڈریگن فلائی