1 ملین برطانوی پاؤنڈز کے انعام سے لاعلم مالی

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2017
مالی کے فرائض انجام دینے والے لکھ پتی مارٹن اپنا کام چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے—فوٹو بشکریہ: بی بی سی
مالی کے فرائض انجام دینے والے لکھ پتی مارٹن اپنا کام چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے—فوٹو بشکریہ: بی بی سی

یادداشت کی کمزوری اکثر معمر افراد کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے، جو اپنی چیزیں کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں اور پھر انہیں ہمیشہ کے لیے کھو دیتے ہیں لیکن کبھی کبھی اگر قسمت انسان کا ساتھ دے جائے تو یادداشت کی کمزوری بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

ایسا ہی کچھ برطانیہ کے ایک علاقے باکس فورڈ کے ایک رہائشی مارٹن کرائٹن کے ساتھ ہوا جنہوں نے لاٹری کا ٹکٹ خرید تو لیا لیکن اس کے نتائج دیکھنا بھول گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ (15 اگست کو) ہونے والے یورو ملین میکر مقابلے میں 44 سالہ مارٹن نے 1 ملین برطانوی پاؤنڈز کا انعام تو جیت لیا مگر ایک مہینے تک اس بات سے انجان رہے۔

پیشے کے لحاظ سے مالی مارٹن کو اپنے انعام کے بارے میں اُس وقت خبر ہوئی جب انہوں نے ’گمشدہ لکھ پتی‘ نامی ایک آرٹیکل پڑھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'کاش لاٹری جیتی ہی نہ ہوتی'

اس آرٹیکل کو پڑھنے کے بعد انہیں اپنے خریدے ہوئے لاٹری ٹکٹ کا خیال آیا اور انہوں نے مقامی اخبار میں جیتنے والے ٹکٹ نمبر کا جائزہ لیا۔

مارٹن کی حیرت کی اُس وقت انتہا نہیں رہی جب انہیں پتہ چلا کہ وہ لاٹری جیت گئے ہیں، جیت کے بارے میں جان کر وہ سیدھا اپنے دوست شون ڈیوس کے پاس پہنچے اور ان سے بھی تصدیق کرائی۔

باکس فورڈ میں واقع گھروں میں مالی کے فرائض انجام دینے والے لکھ پتی مارٹن کا اپنا کام چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ کرائے کے مکان میں رہنے کے بجائے جیتی ہوئی رقم سے اپنا ذاتی گھر خریدنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

مارٹن کا کہنا ہے کہ’وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اپنی بقیہ زندگی میں پیسوں کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں