ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی: بابراعظم کی کیریئر کی بہترین پوزیشن

17 ستمبر 2017
بابراعظم نے ورلڈ الیون کے خلاف 3 میچوں میں 179 رنز بنائے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
بابراعظم نے ورلڈ الیون کے خلاف 3 میچوں میں 179 رنز بنائے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان منعقدہ آزادی کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی درجہ بندی جاری کردی ہے جہاں پاکستانی ٹیم کی تیسری جبکہ کھلاڑیوں میں بابراعظم نے کیریئرکی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ورلڈ الیون کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے 21 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

بابراعظم نے ورلڈ الیون کے خلاف 3 میچوں میں 179 رنز بنائے تھے۔

آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی کے مطابق بلے بازوں میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے، آسٹریلوی بلے باز ایرن فنچ اورای این لیوس بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پربراجمان ہیں، کیوی کپتان کین ولیمسن کی چوتھی اورجارح مزاج آسٹریلوی بلے باز گلین میکس ویل کی پانچویں اور پاکستان کے بابراعظم کی چھٹی پوزیشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست، آزادی کپ پاکستان کے نام

ٹی ٹوئنٹی کی باؤلنگ کی درجہ بندی میں پاکستانی اسپنرعماد وسیم نے اپنی پہلی پوزیشن کو بدستور برقراررکھا، بھارتی باؤلربمرا ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے مایہ ناز لیگ اسپنرعمران طاہر تیسرے، افغانستان کے اسپنر راشد خان چوتھے، بنگلا دیشی فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کا پانچواں اور ویسٹ انڈین اسپنر سیموئیل بدری کا چھٹا نمبر ہے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے 10 میں کھلاڑیوں میں پاکستانی کی نمائندگی نہیں ہے تاہم شعیب ملک گیارہویں نمبر پر موجود ہیں۔

بنگلا دیش کے شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی کے سرفہرست آل راؤنڈر ہیں، آسٹریلیا کے گلین میکسویل دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز اور بنگلہ دیش کے محموداللہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر ہیں۔

ٹیموں کی درجہ بندی میں میں نیوزی لینڈ پہلے، انگلینڈ دوسرے، پاکستان تیسرے، ویسٹ انڈیز چوتھے اور بھارت کا پانچواں نمبر ہے جبکہ جنوبی افریقا کا چھٹا نمبر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں