لاہور: پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ سال پابندی کی سزا پانے والے قومی کرکٹر شرجیل خان نے پابندی کے خلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شرجیل خان فیصلے کے خلاف اسی ہفتے اپیل دائر کرتے ہوئے پی سی بی قوانین کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی پر ملنے والی سزا کو چیلنج کریں گے۔

اوپننگ بلے باز کے وکیل کی جانب سے اپیل کا متن تیار کر لیا گیا ہے جس کے بعد چیئرمین پی سی بی سے غیرجانبدار ثالث کو کیس بھجوانے کی درخواست کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کو پی سی بی ضابطہ اخلاق کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی پر اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 5 سال کی پابندی عائد کی تھی جن میں سے اڑھائی سال کی معطل سزا شامل تھی جس کا اطلاق ان کی عبوری معطلی کی تاریخ 10 فروری 2017 سے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شرجیل خان پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ برائے 2015 کی شق 2.1.1، 2.1.2، 2.1.3، 2.4.4 اور 2.4.5 کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں