اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ’گھر کی صفائی‘ ضرور کریں انہیں کس نے روکا ہے لیکن اس بیانیے سے پاکستان کا دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ’میرا یہ واضح موقف ہے کہ ہمارے اندر جو بھی کوتاہیاں یا کمزوریاں ہیں ان کاعلاج ہونا چاہیے، لیکن جب اہم حکومتی ذمہ دار رہنما اس مسئلے کو اپنے بیانات کا حصہ بناتے ہیں تو اس سے دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے اور وہ کہتا ہے کہ ساری دہشت گردی کی جڑ پاکستان ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی کو میری بات پر شک ہے تو وہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا کے تبصروں کا جائزہ اور مطالعہ کر لے، جس میں کہا گیا کہ پاکستان اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھارت کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے۔‘

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارت کے اندر ہندو انتہا پسند اور دہشت گرد تنظیمیں بڑی ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں لیکن کیا کبھی بھارتی حکومت یا سیاستدانوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا، وہاں تو معزز لوگوں کے منہ کالے کیے جاتے ہیں، غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور مسلمانوں اور اقلیتوں کو بے دردی سے ’گاؤ ماتا‘ کی بے حرمتی کے شک پر قتل کردیا جاتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ احسن اقبال بھی ’پہلے اپنا گھر ٹھیک‘ کرنے کے حامی

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ساتھ افغانستان میں دن کے اجالے میں درجنوں دہشت گردی کے کیمپ امریکی کیمروں تلے پنپ رہے ہیں اور پاکستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، لیکن کیا افغانستان یا امریکا نے بھی افغانستان کے اندر ہاؤس کلیننگ کی ضرورت کا اعتراف کیا ہے، سیدھی بات ہے کہ ہاؤس کلیننگ پر کسی کو اعتراض نہیں، لیکن آپ حکومت میں ہیں آپ کو بیانات کی بجائے عملی کام پر توجہ دینی چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ چار سال میں جتنی ہاؤس کلیننگ ہوئی اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی مگر اس کے باوجود بہت سا کام کرنے کی گنجائش موجود ہے، حکومتی اراکین اس کام پر توجہ دیں اور ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے پاکستان دشمن طاقتوں کا پاکستان کے خلاف بیانیہ مضبوط ہو۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے وزیر خارجہ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’خواجہ آصف کا ’گھر کی صفائی‘ سے متعلق بلکل درست ہے اور میں بھی اس بات کی حمایت کرتا ہوں کہ پہلے ہمیں اپنے گھر کی صفائی کرنے کی ضرورت ہے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں