کنگنا، فرحان اور ارجن رام پال کی فلمیں تاثر جمانے میں ناکام

19 ستمبر 2017
سمرن سے شائقین کو اچھی توقعات تھیں—فائل فوٹو
سمرن سے شائقین کو اچھی توقعات تھیں—فائل فوٹو

ویسے تو بولی وڈ کی بے باک اداکارہ کہلائی جانے والی کنگنا رناوٹ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’سمرن‘ کی نمائش سے قبل میڈیا میں خوب ہلچل مچائی تھی۔

کنگنا رناوٹ کی جانب سے مردانہ معاشرے اور مرد اداکاروں کے رویے کے خلاف بیانات نے ہیڈلائنز میں جگہ بنائی، اداکارہ کے ان بیانات کو متعدد فلمی حلقوں نے ’سمرن‘ کی تشہیر کا حصہ بھی قرار دیا۔

کئی ناقدین کا خیال تھا کہ کنگنا رناوٹ کی فلم ’سمرن‘ کوئین، تنو ویڈس منو اور فیشن کی طرح تاثر جمانے میں کامیاب جائے گی۔

تاہم ابتدائی تین دنوں کے بزنس سے لگتا ہے کہ فلم اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہنستے، ناچتے بینک لوٹتی ’سمرن‘

سمرن کو 15 ستمبر کو ریلیز کے لیے پیش کیا گیا تھا، اور 19 ستمبر تک کنگنا رناوٹ کی اس فلم نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 12 کروڑ 6 لاکھ بھارتی روپے بٹورے تھے۔

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق تاہم سمرن نے پہلی ہی دن 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کماکر کئی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

ڈیڈی

ارجن رامپال کی پولیٹیکل تھرلر فلم ’ڈیڈی‘ تو سمرن سے بھی زیادہ فلاپ فلم ثابت ہوئی، جو 19 ستمبر تک دنیا بھر سے صرف 7 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے ہی کما سکی تھی۔

’ڈیڈی‘ کو رواں ماہ 8 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، ارجن رامپال اس فلم میں نہ صرف مرکزی کردار میں نظر آئے، بلکہ وہ اس کے شریک لکھاری بھی تھے۔

مزید پڑھیں: ارجن رامپال ممبئی کے گینگسٹر ’ڈیڈی‘ بنیں گے

تاہم فلم نے ابتدائی 11 دنوں میں توقع سے انتہائی کم بزنس کیا۔

لکھنؤ سینٹرل

ہدایت کار رنجیت تواری کی فلم ’لکھنؤ سینٹرل‘ میں اداکار فرحان اختر مرکزی کردار میں نظر آئے، اور اس فلم کی کامیابی کی توقع بھی کی جا رہی تھی۔

قتل کے الزام میں جیل کی سزا کاٹنے اور پھر جیل کے ہی میوزیکل بینڈ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے نوجوان کے ارد گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی فلم نے اب تک 8 کروڑ 42 لاکھ بھارتی روپے بٹورے ہیں۔

’لکھنؤ سینٹرل‘ کو بھی سمرن کے ساتھ 15 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، اس فلم نے کنگنا رناوٹ کی فلم سے بھی کم بزنس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لکھنئو سینٹرل کا میرِ کارواں

پٹیل کی پنجابی شادی

سینیئر اداکاروں رشی کپور اور پاریش راول کی یہ فلم بھی اپنا تاثر جمانے میں ناکام رہی۔

اگرچہ فلم کے ایک آئٹم سانگ نے ریلیز سے قبل شائقین اور انٹرنیٹ پر دھوم مچائی تھی، تاہم فلم کو ناکامی کا سامنا ہے۔

فلم میں شلپا شندھے کا آئٹم سانگ ’مارو لین‘ اپنی میوزک اور بول کے بجائے اداکارہ کے بھاری بھر کم وزن کی وجہ سے وائرل ہوا تھا۔

اس فلم کو بھی 15 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جو اب تک ڈیڑھ کروڑ روپے ہی بٹور سکی ہے۔

پوسٹر بوائز

سنی دیول اور بوبی دیول سمیت شریا تلپاڑے کی کامیڈی ڈرامہ فلم ’پوسٹر بوائز‘ کو رواں ماہ 8 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم کی ہدایات بھی خود شریا تلپاڑے نے دی ہیں، جب کہ اسے پروڈیوس بھی انہوں نے ہی کیا ہے۔

فلم کے تینوں مرکزی کردار ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن کی نس بندی کے پوسٹرز چھپ جاتے ہیں، جس وجہ سے وہ بدنام ہوجاتے ہیں۔

فلم نے ابتدائی گیارہ دنوں میں صرف 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کمائے ہیں، جو کنگنا رناوٹ کی فلم ’سمرن‘ کی تین دن کی کمائی سے تھوڑا سا زیادہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں