ڈھاکا: بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر کو امیگریشن کیلئے کلیئرنس نہ ملنے پر دورہ جنوبی افریقہ کیلئے بنگلہ دیش جانے والی ٹیم کے ہمراہ روانگی سے محروم کردیا گیا۔

بنگلہ دیشی ٹیم ڈھاکا ایئرپورٹ سے جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہوئی لیکن روبیل حسین کو امیگریشن حکام نے کلیئرنس نہ دیتے ہوئے بورڈنگ پاس دینے سے انکار کردیا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری نے کہا کہ نئی شرائط کے مطابق مسافر کو اپنی منزل مقصود کی جانب روانگی سے قبل کلیئرنس لینی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ جنوبی افریقہ سے رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا جس کے بعد روبیل پہلی دستیاب فلائٹ سے روانہ ہو جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کا بقیہ 14 رکنی اسکواڈ 28 ستمبر سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت کیلئے جنوبی افریقہ پہنچ چکا ہے۔

ٹیم کے ہمراہ نہ ہونے کے سبب روبیل اب ممکنہ طور پر جمعرات سے بینونی میں شروع ہونے والی سہ روزہ وارم اپ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ روبیل حسین اس سے قبل تنازعات کے سبب بھی خبروں کی زینت بنے رہے ہیں جہاں 2014 میں سابق گرل فرینڈ اور اداکارہ نازنین اختر نے ان پر ریپ کے الزامات عائد کیے تھے لیکن عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنا پر انہیں بری کردیا تھا۔

تاہم نطام الدین چوہدری نے کہا کہ سابقہ تنازعات کا ان کے امیگریشن کے مسئلے سے کوئی تعلق نہیں اور یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ روبیل 24 ٹیسٹ میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرتے ہوئے 32 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

بنگہ دیشی کرکٹ ایک ماہ طویل دورہ جنوبی افریقہ میں تین ون ڈے اور دو ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں