پاکستان الیون نے امن میچ میں برطانیہ کی ٹیم کو ہرادیا

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2017
اس میچ کے موقع پر سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی  بھی موجود ہیں—۔فوٹو/ ڈان نیوز
اس میچ کے موقع پر سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی بھی موجود ہیں—۔فوٹو/ ڈان نیوز

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پاک فوج کے زیر انتظام کھیلے جارہے خیر سگالی ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران یو کے میڈیا الیون نے پاکستان الیون کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے تعاون کے ساتھ فاٹا میں کھیلوں کے زریعے امن کا پیغام پہنچانے کے لیے میران شاہ میں ’پیس کپ 2017‘ کے نام سے ایک نمائشی میچ منعقد کیا۔

پاکستان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت یو کے میڈیا الیون کو 254 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔

یونس خان اسٹیڈیم میں میچ سے قبل بچے علاقے کی ثقافت کا نمونہ پیش کر رہے ہیں — فوٹو / عبدالغفار
یونس خان اسٹیڈیم میں میچ سے قبل بچے علاقے کی ثقافت کا نمونہ پیش کر رہے ہیں — فوٹو / عبدالغفار

شاہد آفریدی کے علاوہ اس میچ میں پاکستان الیون کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمر امین نے بھی نصف سینچریاں اسکور کیں۔

یو کے میڈیا الیون کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوگئی اور پاکستان الیون نے یہ میچ 133 رنز سے جیت لیا۔

پیس کپ 2017 کے اس نمائشی میچ میں پاکستان کرکٹ کے سپر اسٹار انضمام الحق، شاہدآفریدی کے علاوہ یونس خان، کامران اکمل، جنید خان، عمر گل، مشتاق احمد، ریاض آفریدی اور وجاہت اللہ واسطی بھی شریک تھے۔

خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم میں اس نمائشی میچ کے انعقاد کا وعدہ کیا تھا۔

میچ کا مقصد کھیلوں کے زریعے امن کا فروغ ہے اور اس کے علاوہ اس میچ کے انعقاد سے قبائلی علاقوں میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا بھی اظہار ہوگا۔

اس میچ کے حوالے سے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی امن اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی اور اس میچ کی طرح مستقبل میں بھی کرکٹ کے میدانوں میں ہر طرح کی حمایت جاری رہے گی۔

سماجی رابطی کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ کھیل قوموں کو یکجاں کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس نمائشی میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے گراؤنڈ میں مقامی اسکولوں کے طالب علموں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ قبائلی عمائدین اور رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

shahveer khan Sep 21, 2017 12:54pm
WELL DONE GREAT WORK