نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی لڑکیوں کے لیے تعلیم کی جدوجہد کے بارے میں کون آگاہ نہیں ہوگا؟ ملالہ نے اسی حوالے سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا سے ہوئی۔

پریانکا چوپڑا بھی اس ایونٹ میں بچوں خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے سلسلے میں موجود تھیں۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پریانکا چوپڑا کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ’یقین نہیں آرہا میری ملاقات پریانکا چوپڑا سے ہوئی‘۔

جس پر بولی وڈ اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ملالہ الفاظ کافی نہیں ہوں گے، مجھے یقین نہیں آرہا میں تم سے ملی، اتنی چھوٹی عمر میں تمہارے اندر کتنا حوصلہ ہے اور تمہارے نام سے کتنی کامیابیاں جڑی ہوئی ہیں، مجھے بےحد فخر ہے‘۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی ملالہ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور ان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ملالہ ان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی خواتین کو خوب متاثر کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور ملالہ یوسف زئی دونوں ہی اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر ہیں اور بچوں کی تعلیم کے لیے سرگرم رہتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں