دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بیرن ممالک پاکستان کا تاثر خراب کرنے سے متعلق بھارت کے ناپاک عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق ریمارکس کے بعد اس مہم میں مزید تیزی آئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران جنیوا میں پاکستان مخالف مہم کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جنیوا میں بھارتی مشن پاکستان مخالف کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل او) کو فنڈز فراہم کر رہا ہے، جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے ملک کے اندر اور ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

افغانستان میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور تمام خطے کے مفاد میں ہے، حال ہی میں کابل میں افغانستان اور پاکستان کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان بات چیت کے دوران داعش کے خلاف تعاون، انسداد دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فلیگ میٹنگز اور مقامی کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جاپان ۔ بھارت مشترکہ اعلامیہ سے مایوسی ہوئی، جبکہ جاپان کی جانب سے بھارتی بیان کی حمایت افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور آئین ان کے حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔

پاک ۔ روس تعلقات سے متعلق نفیس زکریا نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں روس کا دورہ کریں گے اور روسی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پائیدار پارٹنرشپ، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

افغانستان کی جیل میں قید پاکستانی شہری صدیق کی رہائی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کابل میں ہمارے مشن نے یہ معاملہ افغان وزارت خارجہ، دفاع اور دیگر حکام کے سامنے اٹھایا ہے جبکہ افغانستان کی سپریم کورٹ نے بھی ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں