دانتوں کے امراض اب ہوں گے ماضی کا قصہ؟

22 ستمبر 2017
اس ویکسین کی ابتدائی آزمائش کے دوران یہ 64 فیصد تک موثر ثابت ہوئی— شٹر اسٹاک فوٹو
اس ویکسین کی ابتدائی آزمائش کے دوران یہ 64 فیصد تک موثر ثابت ہوئی— شٹر اسٹاک فوٹو

بہت جلد دانتوں کے مسائل کے ڈاکٹروں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ایک ویکسین مددگار ثابت ہوسکے گی۔

چین میں طبی ماہرین نے ایک ایسی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو دانتوں کو ایسے پروٹینز فراہم کرسکتی ہے جو ایسے جراثیموں کو تلف کرنے کام کرے گی جو دانتوں کے مسائل کا باعث بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں : دانتوں سے اکثر خون نکلنا ذیابیطس کی علامت؟

اس ویکسین کی ابتدائی آزمائش کے دوران یہ 64 فیصد تک موثر ثابت ہوئی۔

تاہم ماہرین کو توقع ہے کہ بہت جلد اسے زیادہ بہتر بنایا جاسکے گا اور یہ کیویٹیز کی روک تھام بلکہ اسے ریورس بھی کرسکے گی جو اس وقت دنیا بھر کے ایک تہائی بالغ افراد کو شکار بناتی ہے۔

محققین کے مطابق یہ ویکسین ایسے افراد کے لیے بہترین ہے جو زیادہ میٹھا کھانے کے نتیجے میں دانتوں کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

ووہان انسٹیٹوٹ آف وائرولوجی کے ماہرین اس کی تیاری پر کام کررہے ہیں اور ان کے مطابق کلینیکل ٹیسٹ کے مرحلے میں ابھی کافی عرصہ لگ سکتا ہے مگر پھر بھی طبی ماہرین اس کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دانتوں کی تکلیف سے نجات دلانے والے 10عام طریقے

ان کے بقول ویکسین کے ذریعے دانتوں کی فرسودگی کو روکنا دنیا بھر میں متعدد بچوں اور افراد کی زندگی کو بدلنے کا باعث بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دانتوں کے مسائل اور علاج طبی وسائل پر بہت بڑا بوجھ ہے۔

اب تک اس ویکسین کے پروٹوٹائپ کے بہت کم مضر اثرات سامنے آئے ہیں جسے ابھی چوہوں پر آزمایا جارہا ہے۔

یہ دانتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ فرسودگی کے عمل کو 53.9 فیصد تک ریورس کرنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں