کاسمیٹکس کی مشہور کمپنی لوریئل کی مالکن اور دنیا کی امیر ترین خاتون لیلیئن بیٹنکورٹ 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ان کی بیٹی نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ان کی موت رات کو گھر میں ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میری والدہ بہت سکون سے اس دنیا سے رخصت ہوئیں‘۔

فوربس کی رپورٹ کے مطابق لیلیئن کے پاس 39 ارب 50 کروڑ ڈالرز دولت تھی جس سے وہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں 14ویں نمبر پر موجود تھیں اور انہیں دنیا کی امیر ترین خاتون قرار دیا گیا تھا۔

وہ لوریئل کمپنی کے بورڈ سے 2012 میں الگ ہوئیں اور جس کے بعد سے انہوں نے تقریبات میں بھی کم شرکت کی۔

تاہم ان کو بھولنے کی بیماری لاحق ہو گئی تھی اور اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی اور اسی کیس کے حوالے سے وہ خبروں میں رہیں۔

لیلیئن اور ان کی بیٹی بیٹنکورٹ میئرز کے درمیان 2007 میں تنازع کھڑا ہو گیا تھا جس کو کافی شہرت ملی۔

ان کی بیٹی نے عدالت میں کیس کیا کہ ان کی والدہ کی بیماری کے باعث ان کے آس پاس کے لوگ ان سے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

لیلیئن کے والد نے 1909 میں لوریئل کے نام سے بال رنگنے کی کمپنی کھولی تھی جو بعد میں کاسمیٹکس کی بہت بڑی کمپنی بن گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں