آسکرمیں نامزدگی کے لیے بولی وڈ فلم ’نیو ٹن‘ کا انتخاب

22 ستمبر 2017
پہلی بار راج کمار راؤ کی فلم کو آسکرایوارڈ کے لیے بھیجا گیا ہے—اسکرین شاٹ
پہلی بار راج کمار راؤ کی فلم کو آسکرایوارڈ کے لیے بھیجا گیا ہے—اسکرین شاٹ

ویسے تو آسکر ایوارڈز مارچ 2018 میں دیے جائیں گے، تاہم فلمی دنیا کے اس سب سے بڑے اعزاز کے لیے مختلف ممالک کی جانب سے نامزدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

فیڈریشن فلم آف انڈیا (ایف ایف آئی) نے آسکر ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے 22 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’نیو ٹن‘ کا انتخاب کیا ہے۔

راج کمار راؤ نے ’نیو ٹن‘ کو آسکر کے لیے نامزد کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ میں بتایا کہ ان کی فلم کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

نشریاتی ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ایف ایف آئی کے سیکریٹری جنرل سپرن سین کے مطابق ادارے نے آسکر کے لیے 26 بھارتی فلموں کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جس میں سے ’نیو ٹن‘ کو نامزد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: راج کمار، کم معاوضہ اور ایشوریا رائے کی فلم

’نیو ٹن‘ کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے، اسی کیٹیگری میں پاکستانی فلم ’ساون‘ بھی نامزد کی گئی ہے۔

منیش مندرا کی پروڈیوس کردہ ’نیو ٹن‘ کی ہدایات امت مسورکار نے دی ہیں، جب کہ اسے ایروز انٹرنیشنل پکچر کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم میں ’نیو ٹن‘ کا کردار راج کمار راؤ نے نبھایا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں پنکج تریپاتھی، انجلی پٹیل اور رگھوویر یادیو شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک سرکاری کلرک ’نیو ٹن‘ کے ارد گرد گھومتی ہے، جسے بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں منصفانہ انتخابات کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: ودیا بالن کو راج کمار کے تھپڑ

’نیو ٹن‘ کو جس حلقے میں انتخابات کے لیے بھیجا جاتا ہے، وہاں کئی مسائل ہوتے ہیں،پہلے کبھی اس علاقے میں منصفانہ انتخابات نہیں ہوئے۔

فلم میں منصفانہ انتخابات، سرکاری ملازم کی ایمانداری، ووٹ کی اہمیت اور سماج میں تبدیلی جیسے مسائل کو موضوع بنایا گیا ہے۔

فلم کو 22 ستمبر 2017 کو سینما گھروں کی زینت بنایا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں